پاکستان کی سپریم کورٹ نے حکمران پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی فرح ناز اصفہانی کی دہری شہریت کی وجہ سے اُن کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ حکم چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں عدالتِ عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے جمعہ کو دہری شہریت رکھنے والے اراکین پارلیمان سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔
فرح ناز اصفہانی نے عدالت کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکہ کی شہریت بھی رکھتی ہیں۔
فرح ناز اصفہانی امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کی اہلیہ ہیں اور اُن کا شمار صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں بھی ہوتا ہے۔