پاکستان کے وزیر داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ صوبہ پنجا ب میں طالبان مضبوط ہورہے ہیں اور حملے کی تیاری کررہے ہیں۔
رحمن ملک نے بدھ کے روز دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی پارلیمنٹ کو اس بارے میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ پنجابی طالبان جلد ہی ایک بڑا دہشت گرد حملہ کریں گے اور یہ کہ انہوں نے پنجاب حکومت سے اس سلسلے میں اقدامات کرنے کے لیے کہہ دیا ہے۔
رحمن ملک نے پاکستان کے دہشت گرد گروپ لشکرجھنگوی پر، گذشتہ ہفتے لاہور میں دو عبادت گاہوں پر حملوں سمیت، جن میں 90 سے زیادہ لوگ ہلاک ہوگئے تھے، حملوں کے ایک سلسلے کا الزام بھی عائد کیا ۔
پاکستانی عہدے داروں نے کم ازکم چار مشتبہ افراد کو مبینہ طورپر ان عسکریت پسندوں سے رابطوں کی بنا پر گرفتار کرلیا ہے جو ان حملوں میں ملوث تھے۔
یہ حملے پاکستان کی مذہبی اقلیت احمدیہ جماعت کی عبادت گاہوں پر ہوئے تھے۔ پولیس نے اس سے قبل حملوں کا الزام پاکستانی طالبان پر عائد کیا تھا ، جنہوں نے شمالی وزیر ستان کے قبائلی علاقے میں تربیت حاصل کی تھی۔