پاکستان نے جمعہ کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے کم فاصلے کے ’ملٹی ٹیوب‘ میزائل حتف نو "نصر" کا کامیاب تجربہ کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس تجربے میں چار میزائل ایک جدید ملٹی ٹیوب لانچر سے یکے بعد دیگرے فائر کیے گئے۔
نصر میزائل ایٹمی صلاحت کا حامل ہے اور یہ 60 کلومیٹر تک کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بیان کے مطابق یہ برق رفتار میزائل سسٹم " ٹیکٹیکل اور آپریشنل" سطح پر درپیش تمام خطرات کے خلاف ایک موثر ہتھیار ثابت ہو گا۔
بیان میں بتایا کہ کہ اس تجربے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی یہاں موجود تھے جنہوں نے اس کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینیئرز کو خطے میں امن کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔
پاکستان اور بھارت دونوں ہی میزائل کے تجربات کرتے رہتے ہیں۔ ماضی میں ایسے تجربات دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان تناؤ کو باعث بنتے رہے ہیں لیکن تجربات کی پیشگی اطلاع دینے کے دوطرفہ سمجھوتے کے بعد یہ اب یک معمول کی کارروائی کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔