ریل گاڑی نہر میں گرنے سے فوجی افسر سمیت 12 ہلاک

فائل فوٹو

فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئیٹر‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں یونٹ کمانڈر لفٹیننٹ کرنل عامر بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں ایک ریل گاڑی کی چار بوگیاں نہر میں گرنے سے ایک فوجی افسر سمیت کم از کم 12 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئیٹر‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں یونٹ کمانڈر لفٹیننٹ کرنل عامر بھی شامل ہیں۔

میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے آٹھ کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ چار کی تلاش جاری ہے۔ حادثے کے مقام پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

فوجی اہلکاروں کو لے جانے والی خصوصی ٹرین کو وزیر آباد کے قریب جامکے چٹھہ میں حادثہ پیش آیا۔

ریل گاڑی پنو عاقل سے کھاریاں جا رہی تھی کہ نہر پر سے گزرتے ہوئے پل اچانک ٹوٹ گیا اور چار بوگیاں نہر میں جا گریں۔

زخمیوں کو گوجرانوالہ کے فوجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

سرکاری میڈیا نے ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ان کے بقول دہشت گردی کے عنصر کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

نہر کا یہ پل لگ بھگ سو سال پرانا تھا جو برصغیر میں برطانوی دور حکمرانی میں تعمیر کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پل کی حالت تسلی بخش نہیں تھی۔