ڈبلن ٹیسٹ: آئرلینڈ کو پاکستان کے خلاف 139 رنز کی برتری حاصل

پاکستان کے سرفراز احمد کیون اوبرائن کو کامیاب اننگ پر مبارک باد دے رہے ہیں۔

کیون اوبرائن 118 اور ٹائیرون کین 8 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں اس لیے توقع کی جاسکتی ہے کہ پاکستان کو ملنے والی لیڈ میں مزید رنز کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف اپنا پہلا تاریخی ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف 139 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ میچ کے چوتھے روز آئرلینڈ نے اپنے دوسری اننگز کھیلتے ہوئے اسکور کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز تک پہنچایا۔

کیون اوبرائن 118 اور ٹائیرون کین 8 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں اس لیے توقع کی جاسکتی ہے کہ پاکستان کو ملنے والی لیڈ میں مزید رنز کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

آئرلینڈ نے اس پہلے ٹیسٹ میں ’کم بیک ‘کیا ہے۔ پہلی اننگز میں اسے ’فالو آن‘ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ منگل کو ٹیسٹ کا آخری دن ہے اور پانچویں روز بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

اگر واقعی بارش ہوجاتی ہے تو میچ ڈرا ہوجائے گا ورنہ ایک دن میں پاکستان کے لیے ایک بڑا ہدف حاصل کرنا مشکل کا باعث ہوسکتا ہے۔

ساتھ ہی یہ بھی ممکن ہے کہ اگر آئرلینڈ کے بالرز نے زور لگایا تو میچ کا نتیجہ کچھ اور بھی نکل سکتا ہے۔

آئرلینڈ کے ایک اچھا اور بڑا اسکور بنانے میں کامیابی کا سہرا اس کے بلے بازوں کو جاتا ہے۔ بیشتر بیٹسمین پاکستانی بالرز کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے میں کامیاب رہے۔

اوبرائن ڈیبیو ٹیسٹ ہونے کے باوجود تھری فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے جب کہ ان سے قبل ایڈ جوائس 43 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اینڈی بالبرنی صفر، نیل اوبرائن 18 ،کپتان ولیم پورٹرفیلڈ 32 اور تھامپسن نے 53 رنز بنائے۔

کیون اوبرائن کے لیے بھی یہ ٹیسٹ تاریخی ثابت ہورہا ہے۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں سینچری اسکور کرنے والا پہلا آئرش بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، محمد عباس نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 130 رنز ہی بناسکی تھی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔