پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنا لیے ہیں جب کہ کپتان بابر اعظم 161 رنز ناٹ آؤٹ پر کریز پر موجود ہیں۔
دو میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں کپتان بابر اعظم نے پیر کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔
اوپننگ جوڑی زیادہ دیر تک پچ پر کھڑی نہ رہ سکی اور اور چوتھے ہی اوور میں پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گر گئی جب 12 کے مجموعی اسکور پر عبد اللہ شفیق آؤٹ ہوئے۔
عبد اللہ نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل کی گیند پر وکٹ کیپر ٹام بلنڈل کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے مجموعی اسکور میں صرف تین رنز کا اضافہ کیا تھا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ گری تو اوپننگ بلے باز امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے تیسرے نمبر پر شان مسعود آئے البتہ وہ مجموعی اسکور میں صرف تین رنز کا ہی اضافہ کر سکے۔ اور یوں ساتویں اوور میں پاکستان کا دوسرا کھلاڑی 19 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکا تھا۔شان مسعود کو مچل براسویل کی بال پر وکٹ کیپر ٹام بلنڈل نے اسٹمپ آؤٹ کیا ۔
SEE ALSO: ریکارڈ بک میں ایک اور اضافہ، بابر نے محمد یوسف کو پیچھے چھوڑ دیاشان مسعود کےپویلین لوٹنے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے کپتان بابر اعظم کریز پر آئے۔ لیکن دونوں کھلاڑی بھی زیادہ طویل پارٹنر شپ نہ بنا سکے۔
پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی امام الحق تھے انہوں نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ 29 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ 15ویں اوور میں 48 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔مچل براسویل کی گیند پر نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی نے ان کا کیچ پکڑا جب کہ سعود شکیل 22 رنز کی اننگز کھیل سکے۔
چار برس بعد ٹیم میں شامل ہونے والے سرفراز احمد اور کپتان بابر اعظم نے پانچویں وکٹ پر 100 رنز سے زائد کی مضبوط پارٹنر شپ قائم کی۔
ایک اینڈ پر بابر اعظم نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سینچری اسکور کی جب کہ دوسرے اینڈ پر سرفراز احمد 40 سے زائد رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ خیال رہے کہ بابر اعظم کی یہ نویں سینچری تھی۔
چائے کے وقفے تک پاکستان نے 58 اوورز میں 224 رنز بنائے تھے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
بعد ازاں دن کے آخری سیشن میں پاکستان کو مزید ایک وکٹ کے نقصان کا سامنا کیا البتہ اس کے مجموعی اسکور میں مزید 93 رنز کا اضافہ ہوا۔
پاکستان نے اپنے 300 رنز 82 ویں اوور میں مکمل کیے۔ 306 رنز پر سرفراز احمد 135 گیندوں پر 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اننگز میں نو چوکے لگائے تھے جب کہ کپتان بابر اعظم نے اپنے 150 رنز 254 گیندوں پر 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کیے۔
پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے مقررہ 90 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے تھے۔
بابر اعظم 161 جب کہ آغا سلمان تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو کل دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، کپتان بابر اعظم، سعود شکیل، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم، ابرار احمد اور میر حمزہ پر مشتمل ہے۔
ٹم ساؤتھی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹام لیتھم، ڈیون کانوے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مچل براسویل، ایس سودھی، نیل واگنر اور اعجاز پٹیل پر مشتمل ہے۔
گزشتہ پانچ میچز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار مرتبہ شکست دی تھی جب کہ پاکستان صرف ایک ہی میچ جیت سکا تھا۔