تیسرے ون ڈے میں کامیابی، پاکستان کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کو وائٹ واش

  • جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تیسرے ون ڈے میں بارش کے سبب میچ کو 47 اوورز تک محدود کیا گیا۔
  • پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 308 رنز بنائے۔
  • بلے باز صائم ایوب کے 101 رنز بھی پاکستان کے مجموعی اسکور میں شامل تھے۔
  • جنوبی افریقہ کی ٹیم کامیابی کے لیے 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 42 اوورز میں 271 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
  • پاکستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے سفیان مقیم نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
  • پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو تین صفر سے شکست دی ہے۔
  • میزبان ٹیم کو پہلی بار ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ویب ڈیسک — بلے باز صائم ایوب کی شان دار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا ہے۔

اتوار کو جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست کے بعد پاکستان پہلی ٹیم بن گئی ہے جس سے میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ لیکن میزبان ٹیم کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوا۔ بارش کے سبب میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی جب کہ میچ کے اوورز کم کرکے 47 کر دیے گئے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 47 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔

پاکستانی اوپنر صائم ایوب نے 94 گیندوں پر 13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے جب کہ کپتان محمد رضوان 53 رنز، بابر اعظم 52 رنز اور سلمان علی آغا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادہ نے 56 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ نے کامیابی کے لیے 309 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 21 اوورز میں 123 رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس کے بعد میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے کچھ مزاحمت کی۔ تاہم 42 ویں اوور کے اختتام پر 271 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو 36 رنز سے کامیابی ملی۔

جنوبی افریقہ کے ہنری کلاسن نے تیز رفتار اننگز میں 81 رنز بنائے۔ انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کیا۔ اس دوران انہوں نے 12 چوکے اور دو چھکے بھی لگائے۔ میزبان ٹیم کے کوربن بوشچ 40 رنز اور دورن 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سفیان مقیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں 52 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

شاہین شاہ آفریدی اور نعیم شاہ نے دو دو جب کہ محمد حسنین اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

صائم ایوب کو میچ میں سینچری اسکور کرنے اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جب کہ تین میچوں کی سیریز میں دو سینچریاں اسکور کرنے اور دو وکٹیں لینے پر وہ پلیئر آف دی سیریز بھی قرار پائے۔

صائم ایوب نے پہلے ون ڈے میچ میں 109 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ صائم ایوب نے گزشتہ پانچ ون ڈے میچوں میں سے تین میں سینچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے 26 نومبر کو بلوائیو میں زمبابوے کے خلاف انہوں نے 113 رنز بنائے تھے۔

پہلی بار کلین سوئپ

یوں پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں بھی جنوبی افریقہ کو 36 رنز سے شکست دے دی۔

قبل ازیں پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے ون ڈے میں میزبان ٹیم کو 81 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یوں تینوں میچوں میں شکست کے بعد جنوبی افریقہ کو پاکستان سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یہ پہلی بار ہے کہ کسی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ کو 2002 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم اسے وائٹ واش نہیں ہوا تھا۔ 2002 کی اس سیریز میں سات ون ڈے میچ کھیلے گئے تھے جن میں پانچ آسٹریلیا نے جیتے تھے، ایک میں جنوبی افریقہ کو کامیابی ملی تھی جب کہ ایک میچ ڈرا ہو گیا تھا۔