پاکستان بھارت کو ہراکر ہاکی کا 'ایشین چیمپئن' بن گیا

فائل

پاکستان نے 'ایشین چیمپئنز ٹرافی' ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ہاکی کا ایشین چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
پاکستان نے 'ایشین چیمپئنز ٹرافی' ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ہاکی کا ایشین چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحا میں جمعرات کو دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے فائنل میچ میں محمد وقاص نے ساتویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو برتری دلادی جسے جلد ہی بھارت کے ایس وی سنیل نے برابر کردیا۔

کچھ دیر بعد بھارت کے نائب کپتان وی آر رگوناتھ نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلادی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ کے بیالیسویں منٹ میں شفقت رسول اور پھر چھ منٹ بعد محمد عمران نے گول کرکے پاکستان کی 2-3سے برتری قائم کردی جسے جلد ہی بھارت کے گرویندر سنگھ چاندی نے گول کرکے برابر کردیا۔

چند منٹ بعد پاکستان کے وقاص شریف نے ایک اور گول کردیا لیکن بھارت کے روپیندر پال سنگھ نے میچ ختم ہونے سے صرف 10 منٹ قبل گول کرکے میچ ایک بار پھر 4-4 سے برابر کردیا۔

میچ ختم ہونے سے صرف پانچ منٹ قبل محمد عمران نے گول کرکے پاکستان کو 4-5 کی فیصلہ کن برتری دلادی جسے پاکستان ٹیم نے آخر تک برقرار رکھا۔

روایتی حریفوں کے درمیان جمعرات کو ہونے والا فائنل میچ میں اس وقت تنازع بھی کھڑا ہوا جب بھارت کی ٹیم کچھ وقت کے لیے فیلڈ سے واک آئوٹ کرگئی۔

میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل –جب پاکستان کو ایک گول کی برتری حاصل تھی - بھارت کی ٹیم ایمپائر کی جانب سے پینلٹی کارنر کی اپیل مسترد کیے جانے پر احتجاجاً واک آئوٹ کرگئی تاہم کچھ ہی دیر بعد فیلڈ میں واپس لوٹ آئی۔

تاہم اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے بھارتی کھلاڑیوں کو مزید کوئی گول کرنے کا موقع نہ دیا اور فتح اپنے نام کرلی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت ایشیا کی چھ ٹاپ ٹیمیں شریک تھیں جن میں چین، اومان، ملائیشیا اور جاپان شامل تھے۔