عامر خان واشنگٹن میں مقابلے کے لیے تیار

عامر خان واشنگٹن میں مقابلے کے لیے تیار

اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چاہنے والوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گےاور اِس کے لیے سخت ترین ٹریننگ کر رہے ہیں

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان جو باکسنگ کی دنیا میں عامر کنگ خان کے نام سے جانے جاتے ہیں اس وقت ورلڈ باکسنگ ایسو سی ایشن اور انٹرنیشنل باکسنگ فیڈ ریشن کے لائٹ ویٹ چیمپئین ہیں۔

اِس عالمی اعزاز کےدفاع کےلیے ان کا اگلا مقابلہ 10 دسمبر کو واشنگٹن ڈی سی میں ہوگا اور ان کے مدِ مقابل لیمانٹ پیٹیرسن ہیں جو واشنگٹن ڈی سی سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔یہاں واشنگٹن میں عامر خان اس مقابلے کی بھر پور تیاری کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چاہنے والوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گےاور اس کے لیے سخت ترین ٹریننگ کر رہے ہیں۔

http://www.youtube.com/embed/taPloFVwx7s

’وائس آف امریکہ‘ کے ثاقب الاسلام سےبات کرتے ہوئے عامر نے اس بات کا اظہار کیا کہ واشنگٹن میں آکر انھیں ہمیشہ اچھا لگا ہے۔ یہاں کافی عرصے سے باکسنگ کا کوئی اچھا مقابلہ نہیں ہوا۔ اِس لیے، وہ چاہتے ہیں کہ واشنگٹن میں باکسنگ کو ایک نئی زندگی دی جائے۔

اُنھوں نے کہا کہ وہ امریکہ کے مختلف شہروں میں بھی مقابلہ کریں گے جیسا کہ وہ برطانیہ میں کرتے رہے ہیں۔

عامر کے حریف لیمانٹ پیٹرسن واشنگٹن ڈی سی کے رہائشی ہیں اور اُنھیں یہاں اپنے ہوم کراوٴڈ کا فائدہ ہو گا۔ لیکن، عامر کے کوچ اور تربیت کار فریڈی روچ نے کہا کہ اس کے باوجود عامر خان اس مقابلے میں لیمانٹ کو مشکلات سے دوچار کریں گے۔

فریڈی روچ نے کہا کہ جسمانی طور پر بھی لیمانٹ پیٹرسن عامر خان سے زیادہ طاقتور ہے لیکن عامر کی طاقت اس کی رفتار اور چستی ہے ۔

واشنگٹن کے رہائشیوں میں بھی اِس مقابلے کے حوالے سے خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ واشنگٹن کے کینیڈی ریکریئیشن سینٹر میں عامر خان کو ٹریننگ کرتا دیکھ کر واشنگٹن میں لیمانٹ پیٹرسن کے مداحوںٕ کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ایک سخت مقابلہ ہوگا۔ لیکن، عامر کی ٹریننگ کو دیکھ کر لگتا ہے عامر کی صلاحیت اور تربیت لیمانٹ کےمقابلے میں زیادہ ہے۔ لیکن، پھر بھی وہ اپنے شہر کے کھلاڑی کی بھر پور سپورٹ کریں گے اور چاہیں گے کہ بہتر کھیل پیش کرنے والا کھلاڑی جیتے۔

عامر خان اور لیمانٹ پیٹرسن کا مقابلہ 10 دسمبر کو واشنگٹن کے کنونشن سینٹر میں ہوگا ۔000 15 تماشیوں کے لیے بنے اس باکسنگ رنگ میں زیادہ تر ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔ واشنگٹن اور اس کے گرد و نواح میں بڑی تعداد میں پاکستانی بستے ہیںٕ جو عامر خان کے اس مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کررہے ہیں۔ یہاں ٹکٹوں کی فروخت کرنےوالے رضا لئیق کا کہنا تھا اِس وقت صرف رنگ سائیڈ کی ٹکٹیں ہیں جو کہ سب سے مہنگی ہیں اسکے علاوہ تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پورے امریکہ سمیت کینیڈا سے بھی سینکڑوں لوگ اس مقابلے کو دیکھنے آرہے ہیں، جبکہ برطانیہ سے000 3 کے قریب مداحوں کی آمد متوقع ہے جنھوں نے ٹکٹیں خریدی ہیں۔

عامر خان نے مزید کہا کہ وہ لیمانٹ پیٹرسن کو آسان نہیں لیں گے اور یہ ایک مشکل مقابلہ ہوگا۔ لیکن، اُن کا کہنا تھا کہ جیت صرف ایک کھلاڑی کی ہوگی جو کہ عامر خان ہے، کیونکہ میں اِس مقابلے کےلیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہوں۔