پاکستانی کشمیر: ’بائیو میٹرک مشین‘ سے سرکاری ملازمین کی حاضری

  • روشن مغل
بائیو میٹرک نظام کے تک سرکاری ملازمین کو دفاتر میں آمد اور رخصت کے وقت اس مشین پر اپنا انگوٹھا لگانا ہو گا جس سے اس اہلکار کی حاضری سے متعلق خودکار ریکارڈ رکھا جا سکے گا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت نے سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری اور ان کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے جدید بائیو میٹرک نظام نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں چند محکموں میں یہ مشینیں نصب بھی کر دی گئی ہیں۔

اس علاقے میں تقریباً 80 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین مختلف محکموں میں کام کرتے ہیں لیکن ان کی غیر حاضری یا جائے کار پر پورا وقت نہ دینے کی وجہ سے عوام سرکاری کارکردگی سے اکثر نالاں ہی دکھائی دیتے ہیں۔

بائیو میٹرک نظام کے تحت سرکاری ملازمین کو دفاتر میں آمد اور رخصت کے وقت اس مشین پر اپنا انگوٹھا لگانا ہو گا جس سے اس اہلکار کی حاضری سے متعلق خودکار ریکارڈ رکھا جا سکے گا۔

ابتدائی مرحلے میں یہ مشینیں محکمہ ترقی و منصوبہ بندی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڑ کے دفاتر میں نصب کی گئی ہیں۔

محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے سیکرٹری ظفر نبی بٹ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس نئے نظام کے متعارف کروانے سے جہاں ملازمین کو دفتروں میں حاضری کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی وہیں ان کے بقول ان کی استعداد کار میں بھی اضافہ ہو گا۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ غیر حاضر ملازمین کی جعلی حاضری کے علاوہ ایسے ملازمین جو سرے سے دفتر ہی نہیں جاتے اور ان کو بھی تنخواہیں جاری ہو رہی ہیں، اس لیے نئے نظام سے غیر حاضری کے مسئلے کے سدباب میں بھی مدد ملے گی۔

ظفر نبی بٹ کا کہنا تھا کہ آئندہ مرحلے میں یہ بائیو میٹرک مشینیں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں بھی نصب کی جائیں گی تاکہ طبی عملے اور اساتذہ کی ان کی جائے کار پر حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔