پاکستان کے پہلے ورچوئل فیشن شو کی تیاری، 20 ڈیزائنر شریک ہوں گے

پاکستان کا پہلا ورچوئل فیشن شو عید سے پہلے منعقد کیا جائے گا جس میں کم از کم 20 ڈیزائنر شرکت کریں گے۔ طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے اس کا نام کیٹ واک کیئرز تجویز کیا گیا ہے۔

سابق ماڈل فریحہ الطاف نے وبا کے دنوں میں اس کام کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد فیشن شو میں تمام شرکا ڈیجیٹل شو روم سے اپنے ملبوسات پیش کریں گے۔ اس کا انعقاد مئی کے آخر میں ہو گا۔

اب تک جو فیشن ڈیزائنر اس شو میں شرکت کی تصدیق کر چکے ہیں ان میں حسن شہریار یاسین، عاصم جوفا، ثانیہ مستاکیا، خدیجہ شاہ (ایلان) شمعون سلطان (کھاڈی)، ہما اینڈ عامر عدنان، فراز منان، شہلا چتور، ماہین کریم، نومی انصاری، عمر فاروق، علی ذیشان، اسماعیل فرید، شمائل انصاری، سونیا باٹلا اور ندا ازویر شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق اس فیشن شو کا مقصد وبا کا دن رات مقابلہ کرنے والے اگلے محاذ کے طبی عملے اور رضاکاروں کی خدمات کا اعتراف اور انھیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ فریحہ الطاف کوشش کر رہی ہیں کہ اس فیشن شو کے لیے مختلف اسپانسرز کو بھی ساتھ ملائیں تاکہ نقد عطیات کا بھی انتظام ہو جائے۔

ہر ڈیزائنر کے ملبوسات کو ایک ٹاپ ماڈل پیش کریں گی۔ اس کے لیے ڈیزائنرز اپنے ملبوسات کو کوریئر کے ذریعے ماڈلز کے گھر پر بھیجیں گے۔

ماڈلز شو کی آفیشل اسٹائلسٹ سے رابطہ کریں گی اور ان کے مشورے سے شو کے لیے تیار ہوں گی۔ ماڈلز اپنی ویڈیوز خود بنا کر منتظمین کو بھیج دیں گی جو اسے ایڈٹ کر کے شو کے موقع پر اسٹریم کریں گے۔

فریحہ الطاف شو میں ماڈلنگ کے لیے فلم اور ٹی وی کے بڑے ناموں سے رابطے کر رہی ہیں تاکہ شو کی اسٹار ویلیو میں اضافہ کیا جائے۔ چونکہ ان کی کمپنی لکس اسٹائل ایوارڈ جیسے شوبز کے بڑے ایونٹس کا انتظام کرتی رہی ہے اس لیے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی کوشش میں کامیاب ہو جائیں گی۔