پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک سینیئر صحافی کو قتل کر دیا ہے۔
بدھ کو یہ واقعہ نارتھ کراچی کے سیکٹر 11۔سی میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آور نے صحافی آفتاب عالم کو ان کے گھر کے قریب گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔
مضروب صحافی کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
شائع شدہ اطلاعات کے مطابق 42 سالہ آفتاب عالم جیو نیوز سے وابستہ رہ چکے تھے جب کہ ان دنوں وہ کسی نشریاتی ادارے سے منسلک نہیں تھے۔
پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے لیکن تاحال اس قتل کے محرکات سامنے نہیں آسکے ہیں۔
اس واقعے سے قبل منگل کو دیر گئے کراچی کے علاقے بہادر آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے جیو نیوز کی ایک نشریاتی وین پر فائرنگ کر کے سیٹیلائیٹ انجینیئر ارشد علی جعفری کو ہلاک کر دیا تھا جب کہ حملے میں وین ڈرائیور زخمی ہوا۔
صحافتی تنظیموں کی طرف سے ان دونوں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صحافیوں کے تحفظ کے لیے موثر اور فوری اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جو صحافیوں کے لیے خطرناک ترین تصور کیے جاتے ہیں۔