پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ "پی ایس ایل" کی ٹیم پشاور زلمی سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ "ایک ٹیم کے ساتھ کپ جیتا اور اب دوسری کی باری ہے۔ ذاتی وجوہات کی بنا پر میں بطور صدر اور کھلاڑی پشاور زلمی سے اپنی خدمات ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔"
گزشتہ سال پی ایس ایل کی اس ٹیم کی کپتانی بھی شاہد آفریدی نے کی تھی لیکن یہ فائنل مقابلے تک نہیں پہنچ پائی تھی۔ تاہم رواں سال ہونے والے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی نے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پی ایس ایل چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
شاہد آفریدی ہاتھ پر چوٹ لگنے کے باعث لاہور میں کھیلے گئے میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور اس کرکٹر کا اپنی ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے لیے ان کی نیک خواہشات ہیں اور جہاں تک پشاور میں میرے مداحوں کا تعلق ہے "میں جانتا ہوں کہ جہاں بھی جاؤں گا مداح میرا ساتھ دیں گے۔"
گزشتہ ماہ ہی شاہد آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ دو سال تک پی ایس ایل میں اپنے کھیل پر توجہ دیں گے۔