پناما نے شمالی کوریا کا اسلحہ بردار بحری جہاز روک لیا

فائل فوٹو

صدر نے بعد ازاں پاناما کے ٹیلی ویژن کو بتایا کہ بحری جہاز کے کپتان نے خودکشی کرنے کی کوشش کی جب کہ حکام نے عملے اور جہاز کو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا ہے۔
پاناما کے صدر نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے کیوبا سے آنے والے شمالی کوریا کے ایک بحری جہاز کو روکا ہے جو اسلحہ لے کر پاناما نہر سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

صدر ریکارڈو مارٹینیلی نے کہا کہ حکام نے منشیات لے جانے کے شبہ میں اس بحری جہاز کو روکا تھا لیکن اس میں سے اسلحہ برآمد ہوا۔

انھوں نے اسلحے کی نوعیت کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی لیکن اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر جاری کی ہے جس میں ایک سبز ٹیوب نما لمبی سی چیز کو اس جہاز پر لدے دیکھا جا سکتا ہے۔

صدر نے بعد ازاں پاناما کے ٹیلی ویژن کو بتایا کہ بحری جہاز کے کپتان نے خودکشی کرنے کی کوشش کی جب کہ حکام نے عملے اور جہاز کو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا ہے۔

اپنے جوہری ہتھیاروں اور میزائل پروگرام کی وجہ سے عالمی برادری میں تنہائی کا شکار شمالی کوریا کے کیوبا کے ساتھ قریبی مراسم ہیں۔

اقوام متحدہ کی طرف سے شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کی وجہ سے یہ ملک بیلسٹک میزائل اور جوہری ٹیکنالوجی کی خرید و فروخت نہیں کر سکتا۔ ان تعزیرات میں مزید سختی رواں سال فروری میں پیانگ یانگ کی طرف سے کیے جانے والے تیسرے جوہری تجربے کے بعد کی گئی۔