اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی شادی کی تیاریاں

بالی وڈ میں ان دنوں ایک اور سلیبریٹی کی شادی کی گونج ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ پرینیتی چوپڑا 24 ستمبر کو بھارتی رکنِ پارلیمنٹ راگھو چڈھا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گی۔

دیگر بالی وڈ شخصیات کی طرح پرینیتی چوپڑا بھی اپنی شادی سے متعلق بالکل خاموش ہیں اور جوڑے کی جانب سے باضابطہ طور پر شادی کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اداکارہ نے رواں برس مئی میں راگھو چڈھا کے ساتھ منگنی کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پرینیتی چوپڑا کی شادی کی تقریبات اودھے پور میں منعقد ہوں گی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس سلسلے میں ممبئی میں اداکارہ کا گھر بھی لائٹوں سے سج چکا ہے۔

شادی کی تقریبات اودھے پور کے لیلا پیلس میں ہوں گی جہاں پرینیتی کے گھر والے اور ان کے قریبی دوست شرکت کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرینیتی چوپڑا اپنی شادی کے روز ڈیزائنر منیش ملہوترا کا ڈیزائن کردہ جوڑا پہنیں گی۔ انہوں نے اپنی منگنی پر بھی اسی ڈیزائنر کا تیار کردہ جوڑا پہنا تھا۔

واضح رہے کہ راگھو چڈھا سن 2022 میں بھارت کے سب سے کم عمر رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑانے سن 2014 میں فلم 'لیڈیز ورسز رکی بھیل' کے ذریعے بالی وڈ نگری میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے عشق زادے، ہنسی تو پھنسی اور میری پیاری بندو جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔