ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار بننے والی بالی وڈ فلم 'پٹھان' بلاآخر سنیما گھروں کی زینت بن گئی ہے۔ شاہ رخ خان کے چاہنے والے انہیں چار برس بعد سلور اسکرین پر دیکھ کر خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔
'پٹھان' 25 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر کے 100 کے قریب ممالک میں ریلیز کی جا چکی ہے۔ بھارت میں فلم بین اپنے پسندیدہ ہیرو کی فلم دیکھنے کے لیے صبح سات بجے سے ہی سنیما گھروں کے باہر موجود تھے۔
بھارت کے ری پبلک ڈے سے ایک روز قبل فلم ہندی، تیلگو اور تامل زبانوں میں ریلیز کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی ہر طرف 'پٹھان' کے چرچے ہیں۔ ٹوئٹر پر بدھ کو ہیش ٹیگ ایس آر کے، پٹھان اور بلاک بسٹر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
'پٹھان' میں شاہ رخ خان نے ایک 'را ایجنٹ' کا کردار ادا کیا ہے۔ ایکشن سے بھرپور اس فلم میں اداکار جان ابراہم اور دپیکا پڈوکون نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
'پٹھان' کو اس کے گانے 'بے شرم رنگ' کی وجہ سے خاصی مشکلات کا سامنا پڑا تھا اور بھارت کے متعدد مذہبی اور سیاسی رہنماؤں نے اس کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا تھا۔
بھارتی اخبار 'دی انڈین ایکسپریس' کے مطابق فلم کی ریلیز سے قبل منگل کو ریاست بہار میں پٹھان کی اسکریننگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے سنیما گھروں کے باہر سے 'پٹھان' کے پوسٹرز پھاڑے جب کہ انہیں نذرِ آتش بھی کیا گیا۔
تاہم تمام تر رکاوٹوں کے باوجود فلم نے ایڈوانس بکنگ میں بھارت کی بلاک بسٹر فلم 'کے جی ایف 2' کو پیچھے چھوڑ دیا۔
'پٹھان' کی ریلیز سے قبل اس کے پانچ لاکھ 63 ہزار سے زائد ٹکٹس فروخت ہوئے۔ بھارت میں سب سے زیادہ ایڈوانس بکنگ کا ریکارڈ فلم 'باہو بالی 2' کے پاس ہے جس کے ساڑھے چھ لاکھ کے قریب ایڈوانس ٹکٹس فروخت ہوئے تھے۔
معروف فلمی تجزیہ کار ترن آدرش نے پٹھان کو 'بلاک بسٹر' کہتے ہوئے اس ساڑھے چار اسٹارز دیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فلم 2023 کی پہلی بلاک بسٹر فلم ہے۔
فلمی تجزیہ کار سمت کڈیل نے ٹوئٹر پر پٹھان کا ریویو دیتے ہوئے اسے بہترین قرار دیا۔
اشویتا نامی صارف کہتی ہیں کہ چار برس بعد شاہ رخ خان کی فلم دیکھ رہے ہیں، اس موقع پر تھیٹر بھرا ہوا ہے۔
سچن چوہدری کہتے ہیں کہ چار سال کے عرصے کے بعد شاہ رخ خان نے ایک بہترین فلم کے ساتھ کم بیک کیا ہے اور وہ پٹھان کو فائیو اسٹار کے قابل فلم ہے۔