کوچ اور کپتان برقرار رہیں گے، پی سی بی کا اعلان

فائل

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور کوچ ڈیو واٹمور نے گزشتہ ایک برس کے دوران میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دی ہیں
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے باوجود کپتان مصباح الحق اور کوچ ڈیو واٹ مور کو ان کے عہدوں سے نہیں ہٹایا جائے گا۔

پیر کو برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' سے گفتگو میں ذکا اشرف نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کرکٹ میں مستقل مزاجی اور تسلسل چاہتے ہیں جس کے لیے ضروری ہے کہ ایک یا دو سیریز ہارنے کی صورت میں ردِ عمل کے طور پر سخت اقدامات نہ کیے جائیں۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور کوچ ڈیو واٹمور نے گزشتہ ایک برس کے دوران میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دی ہیں اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے وقت یہ حقیقت ذہن میں رکھنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مصباح کی کپتانی اور واٹمور کی کوچنگ کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور بورڈ کا انہیں ان کے عہدوں سے ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ دور ہ جنوبی افریقہ کے دوران میں پاکستان میزبان ٹیم کے خلاف تینوں ٹیسٹ بری طرح سے ہارا تھا جب کہ پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں بھی اسے 2-3 سے شکست ہوئی تھی۔

تاہم مہمان ٹیم دورے کے دوران میں کھیلا جانے والا والا واحد ٹی20 میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

دورے کے دوران میں قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پر ناقدین اور سابق کھلاڑیوں نے کپتان مصباح اور کوچ ڈیو واٹمور کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور ٹیم میں تبدیلیاں کرنے کے مطالبات کیے تھے۔

اپنی سست بیٹنگ اور کپتانی کے بظاہر ڈھیلے ڈھالے انداز کے باعث مصباح ماضی میں بھی شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی تنقید کا ہدف بنے رہے ہیں۔

'رائٹرز' کے ساتھ گفتگو میں 'پی سی بی' کے سربراہ ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکستِ فاش سے انہیں بھی مایوسی ہوئی لیکن وہ ٹیم میں اعتماد اور تسلسل دیکھنا چاہتے ہیں۔

ذکا اشرف نے مصباح الحق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیپٹن بننے کے بعد سے معاملات کو احسن انداز سے نبٹایا ہے اور ان کی انفرادی کارکردگی بھی اچھی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک مصباح 100 فی صد فٹ ہیں اور کارکردگی دکھا رہے ہیں، بورڈ ان سے اچھے نتائج دینے کی توقع رکھے گا۔

'پی سی بی' کے سربراہ نے مزید کہا کہ کوچ واٹمور نے 'پی سی بی' کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیا ہے اور ان کی کارکردگی کا "مناسب وقت" پر جائزہ لیا جائے گا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے لیے مستقل بیٹنگ کوچ کی تلاش جاری ہے اور امید ہے کہ ٹیم کے اگلے دورے سے قبل اس بارے میں کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا۔