پاکستان میں الیکٹرونک میڈیا کی نگرانی کرنے والے ادارے پیمرا نے نیوز چینلوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ چیف جسٹس پاکستان کے قائم کردہ دیامر بھاشا ڈیم فنڈ پر ’’توہین آمیز‘‘ تبصرے نشر کرنے سے باز رہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار ڈیم بنانے کے لیے سرگرم ہیں اور ان کے حکم پر اسٹیٹ بینک نے اس کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا ہے۔ چیف جسٹس کہہ چکے ہیں کہ ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹ ڈالنے والے ’’ملک دشمن‘‘ ہیں اور انھوں نے عندیہ دیا تھا کہ ڈیم کے مخالفین کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
پیمرا کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی ’’ایڈوائس‘‘ میں کہا گیا ہے کہ نیوز چینل کسی ادارہ جاتی کنٹرول کے بغیر دیامر بھاشا ڈیم فنڈ سے متعلق سیاست دانوں، تجزیہ کاروں اور قانونی ماہرین کے توہین آمیز تجزیے نشر کر رہے ہیں۔ اس نوعیت کے تجزیے بہتان تراشی کے زمرے میں آتے ہیں۔ نیوز چینلز حالات حاضرہ کے پروگراموں میں اعلیٰ عدلیہ سے متعلق بھی توہین آمیز تبصرے اور تجزیے بار بار نشر کر رہے ہیں۔
پیمرا نے ہدایت کی ہے کہ ایسا مواد نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے جو اعلیٰ عدلیہ اور مسلح افواج کے خلاف بہتان تراشی پر مبنی ہو۔ قابل اعتراض مواد کی نشریات کو روکنے کے لیے ادارہ جاتی نگران کمیٹیاں فعال بنائی جائیں اور براہ راست نشریات کے دوران مؤثر تاخیری نظام نافذ کیا جائے ورنہ پیمرا کارروائی کرے گی۔