امریکی نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ سیکنڈ لیڈی کیرن پینس نے جمعرات کے روز اپنی کرونا وائرس کی ویکسین کی پہلی خوراک لائیو ٹی وی پر لی۔ یہ اقدام عوام کو کرونا ویکسین کے محفوظ ہونے کی یقین دہانی کروانے کے لیے اٹھایا گیا۔
پینس اور ان کی اہلیہ نے وائٹ ہاؤس کیمپس کی آئزن ہاور ایگزیکٹو آفس بلڈنگ میں ویکسین لی۔ پہلی خوراک کا انجیکشن لینے کے بعد پینس نے طبی عملے سے کہا کہ ’’مجھے کچھ بھی محسوس نہیں ہوا، آپ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔‘‘
یو ایس سرجن جنرل جیریمی ایڈم کو نائب صدر اور ان کی اہلیہ کے فوری بعد ویکسین کی خوراک دی گئی۔
ویکسینیشن کے بعد مائیک پینس نے رپورٹرز سے گفتگو کرنے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی ہفتہ ہے۔ ان کا اشارہ کرونا کی ویکسینز کی منظوری اور ان کی تقسیم کی جانب تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ’’کافی خوش ہیں کہ اس ہفتے کے اختتام سے پہلے آگے بڑھ کر انہیں یہ محفوظ اور مؤثر ویکسین لینے کا موقع ملا جو انہوں نے امریکی عوام کے لیے بنائی ہے اور محفوظ کی ہے۔‘‘
ڈاکٹروں نے تینوں افراد کو تلقین کی کہ وہ پہلی خوراک کے 21 دن بعد دوسری خوراک کے لیے واپس آئیں۔
ڈاکٹروں نے کہا کہ جہاں انجیکشن لگایا گیا ہے اس کے ارد گرد جلد پر جلن بھی محسوس ہو سکتی ہے۔
نو منتخب صدر جو بائڈن نے خبر رساں ادارے این بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں امید ہے کہ انہیں کرونا ویکسین اگلے ہفتے لگائی جائے گی۔
مائیک پینس کو ویکسین ایسے موقع پر لگائی گئی ہے جب کہ ملک بھر کے صحت عامہ کے مقامات پر ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچائی جا رہی ہے جہاں یہ ویکسین کرونا وائرس سے لڑنے والے فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی۔
اس کے علاوہ عمررسیدہ افراد کے لیے بنائے گئے نرسگ ہومز میں رہائش پذیر افراد کو بھی یہ ویکسین دوسرے لوگوں کی نسبت سب سے پہلے لگائی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس ہفتے امریکہ میں ایک دن میں سب سے زیادہ افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے اور اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے کے نئے ریکارڈ بھی بنے۔
جمعرات کے روز امریکہ کے ادارے فوڈ اینٖڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے ماہرین کے ایک پینل نے موڈرنا کمپنی کی جانب سے بنائی گئی کرونا وائرس کی ویکسین کی بھی توثیق کر دی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ کرونا وائرس کی اس دوسری ویکسین کو ایف ڈی اے جلد ہی منظور کر لے گا۔
ایف ڈی اے نے پچھلے ہفتے ہی فائزرکمپنی کی جانب سے بنائی جانے والی کرونا وائرس کی پہلی ویکسین کی منظوری دی تھی۔
جانز ہاپکنز یونی ورسٹی کے کرونا ریسورس سینٹر کے مطابق کرونا وائرس سے اب تک امریکہ میں تین لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ ایک کروڑ بہتر لاکھ سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔