پاکستان کی قومی ائیر لائن نے ایک بار پھر اپنے کیبن اور گراوٴنڈ کریو کے یونیفارم کو اسٹائلش رنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لئے کراچی میں پیر کو سجا فیشن شو، جس میں ملک کے مشہور و معروف ڈیزائنرز نے پی آئے اے کے عملے کے لئے تخلیق کئے گئے یونیفارم کی نمائش کی۔
شو کی میزبانی کے فرائض اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انجام دئیے، جبکہ ٹاپ ماڈلز نے 15 ڈیزائنرز کے تیار کردہ یونیفارم ریمپ پر پیش کئے۔ بہترین یونیفارم کے انتخاب کے لئے ججز کا جو پینل بنایا گیا تھا اس میں شکیل سہگل، سیمی افتخار، ناز منشا، طارق امین، شہناز اسماعیل ،رابعہ جویری اور زیبا بختیار شامل تھیں۔
پبلسٹی اور مارکیٹنگ فرم ’کیٹا لسٹ‘ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ، ’ماہین خان، نومی انصاری اور سونیا بٹلا، عامر عدنان، ندا ازور، اسماعیل فرید، عمر فاروق، فہد حسین، ماہین کریم، مشا لاکھانی، ثانیہ مسکتیا، یاسمین شیخ، کھاڈی کے شمعون سلطان، ذیشان علی اور ایچ ایس وائے نے اپنے اپنے ڈیزائن کئے ہوئے یونیفارم پیش کئے۔
پی آئی اے کی خواتین کریو کے لئے نومی انصاری کا یونیفارم منتخب کیا گیا، جبکہ مرد کریو ممبرز کے لئے عمر فاروق کا ڈیزائن کردہ یونیفارم بہترین قرار پایا۔
پی آئی اے کی جانب سے کیبن اور گراوٴنڈ کریو کو جدت اور روایت کے امتزاج میں گندھے ملبوسات میں پیش کرنے کی روایت نئی نہیں، بلکہ 7جون 1954سے یہ سلسلہ چلا آرہا ہے، جب پی آئی اے کی پہلی پرواز نے کراچی سے ڈھاکا کے لئے اڑان بھری تھی۔
پی آئی اے کی ائیرہوسٹس کے لئے پہلی مرتبہ ڈیزائن کردہ یونیفارم 1954سے لے کر 1956 تک فضائی میزبانوں کے زیر استعمال رہا، جو گرے جیکٹ، اسکرٹ، بلاوٴز اور میچنگ کیپ پر مشتمل تھا۔
یہ بات بجا طور پر کہی جاسکتی ہے کہ قومی ائیر لائن اور ہر دور کے صف اول کے ڈیزائنرز کے درمیان عملے کے یونیفارم کے حوالے سے قریبی تعلق رہا ہے اور یہ تعلق رفعت یاسمین کے تخلیق کردہ تین رنگوں مسٹرڈ، سی گرین اور رسٹ پر مشتمل شلوار قمیض اور پھولدار دوپٹوں کی شکل میں آج تک موجود ہے اور پی آئی اے کے لئے نیا یونیفارم تخلیق کرکے جدید ڈیزائنرز نے اس روایت کو مزید آگے بڑھایا ہے۔
کیبن اور گراوٴنڈ کریو کے نئے یونیفارم کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے فیشن شو کا انعقاد چئیرمین نصر نواز جعفر اور منیجنگ ڈائریکٹر شاہ نواز رحمٰن کی کاوشوں کا نتیجہ تھا، جس میں ان کا بھرپور ساتھ دیا لیجنڈری بنٹو کاظمی نے۔
نئے یونیفارم رواں سال ہی ائیرہوسٹس اور کیبن کریو کو دے دیے جائیں گے۔ڈیزائن کیے جانے والے یونیفارم معروف ڈیزائنروں سے بلامعاوضہ تیار کرائے گئے ہیں۔
نئے یونیفارم متعارف کرانے کی تقریب کراچی میں ہوئی جس میں سول ایویشن کے ایڈوائزر شجاعت عظیم، چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر، سیکریٹری ایوی ایشن محمد علی گردیزی اور دیگر نے شرکت کی۔
پاکستان کی قومی ائیرلائن کو ماضی میں باقی ائیرلائیوں کے مقابلے میں سب سے جدید اورخوبصورت یونیفارمز متعارف کرانے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔