رسائی کے لنکس

جدید طرز کے عروسی ملبوسات کی نمائش


شو میں علی ذیشان کا تیار کردہ کلیکشن ’داستان‘ کلاسک فلم ’مغل اعظم‘ سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا تھا۔ چمک دمک سے آراستہ ان کے روایتی ملبوسات نے دیکھنے والوں کو مغلیہ دور کی یاد تازہ کرا دی

پاکستان فیشن انڈسٹری میں اپنی ایک الگ پہچان رکھنے والا گلیمر اور اسٹائل سے بھرپور ’برائیڈل کوچیور ویک‘ شروع ہوچکا ہے۔ اس بار یہ فیشن میلہ سجا ہے پنجاب کے مشہور شہر لاہور میں۔ میلے کا روح رواں ہے پاکستان کا ایک نجی ٹیلی ویژن نیٹ ورک۔۔’ہم‘۔

منتظمین نے وائس آف امریکہ کو فیشن ویک سے متعلق مزید تفصیلات میں بتایا ہے کہ برائیڈل ویک تین دنوں تک جاری رہے گا اور اس میں عروسی ملبوسات کی نئی رینج پیش کی جائے گی۔

جمعہ کو فیشن ویک کا دوسرا دن تھا۔ تاہم، پہلے دن کا آغاز مشہور فیشن ڈیزائنر زاہد خان کے تیار کردہ ملبوسات سے ہوا، جن میں روایت کے ساتھ، جدت کے رنگ نمایاں تھے۔ ان کے کلیکشن ’پریذا‘ کو شائقین اور نقاد دونوں نے پسند کیا۔

شو میں علی ذیشان کا تیار کردہ کلیکشن ’داستان‘ کلاسک فلم ’مغل اعظم‘ سے متاثر ہوکر تخلیق کیا گیا تھا۔ چمک دمک سے آراستہ ان کے روایتی ملبوسات نے دیکھنے والوں کو مغلیہ دورکی یاد تازہ کرا دی۔

ماڈرن دور کی جدت پسند دلہنوں کے لئے ڈیزائن کردہ ٹینا درانی کے ملبوسات ’پرینیا پروگریسیو‘ پر پہلے دن کے پہلے شو کا اختتام ہوا۔ ٹینا نے اپنے ملبوسات میں کامدانی اور فرنچ ناٹس کا بہت عمدہ استعمال کیا تھا۔

پہلے دن کے دوسرے شو میں ماریہ بی کے کلیکشن ’روز گارڈن‘ کی نمائش ہوئی۔ کلیکشن کے تمام ملبوسات قدیم فرانس کے پس منظر میں ڈیزائن کئے گئے تھے جو کلاسک ٹچ کے ساتھ آج کے دورکی دلہنوں کے لئے بھی آئیڈیل چوائس ہے۔

ماریہ بی کے بعد باری آئی برائیڈل ویک میں حصہ لینے والے پہلے یوکے برانڈ ’زگی مینز وئیر‘ کی۔ ’مسافر‘ کے نام سے پیش کئے جانے والے زگی کلیکشن میں شامل برائیڈل ڈریسز میں میرون، گولڈ، بلیو اور سینڈ کے رنگوں کو بہت ذہانت سے استعمال کیا تھا۔ را سلک، ویلوٹ، بروکیڈ اور ٹینکوئی سلک سے تیار کردہ ملبوسات بہت پسند کئے گئے۔

زگی مینز وئیر کی سسٹر کنسرن مہذابین نے ’گلناری‘ کے تحت فرشی غرارے، لہنگے، اے لائن ڈریسز ،لونگ ٹریل گاوٴنز نمائش کے لئے پیش کئے۔ ان تمام ملبوسات میں سرخ رنگ نمایاں رہا۔جاما وار، بروکیڈ،ویلوٹ، آرگینزا سے تیار کردہ ملبوسات نے جدت اور اسٹائل کا نیا رنگ روشناس کرایا۔

سیزن کے سب سے مقبول اور پسند کئے جانے والے ہئیر اسٹائلز اور میک اپ ٹرینڈز کو پیش کیا نبیلہ نے جبکہ برائیڈل فیشن ویک کے پہلے دن کا اختتام ہوا فراز منان کے میگا فیشن شوکیس پر۔۔

فراز منان کی ڈیزائن کردہ شرٹس، ساڑھیاں اور برائیڈل ڈریسز میں روایتی رنگوں کے ساتھ ساتھ بلیک اور گولڈ کا امتزاج دلچسپ رہا۔

XS
SM
MD
LG