ترکی میں استنبول کے ہوائی اڈے پر ہوئے دہشت گرد حملوں سے ترک فضائی کمپنی کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے اور اسی تناظر میں پاکستان کی قومی فضائی کمپنی "پی آئی اے" نے ترک فضائی کمپنی کے مسافروں کو ان کی منزلوں تک لے جانے کی پیشکش کی ہے۔
منگل کو استنبول کے اتاترک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فائرنگ اور خودکش بم دھماکوں سے کم ازکم 41 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
پی آئی اے کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق ٹرکش ایئرلائنز کو مسافروں کی نقل و حرکت میں اپنے مکمل تعاون کی پیشکش کی گئی ہے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈنبرانڈ نے استنبول دہشت گرد حملے پر دکھ کا اظہار بھی کیا۔
"ہمیں اس افسوسناک واقعے پر بہت افسوس ہے، ٹرکش ایئرلائنز کے ساتھ معاہدے کے تناظر میں ہم اپنی مکمل حمایت کی پیشکش کرتے ہیں۔"
پاکستانی حکومت کی طرف سے استنبول میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
دہشت گرد حملے کے باعث دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والا اتاترک ایئرپورٹ کئی گھنٹوں تک پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا اور تمام پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
پولیس کی طرف سے ہوائی اڈے کی عمارت کو مکمل طور پر خالی کروا کر سکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد بدھ کی صبح فضائی ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔
ٹرکش ایئرلائنز نے اتاترک ہوائی اڈے سے جانے اور یہاں آنے والے مسافروں کی بکنگ کو آئندہ ہفتے تک موخر کرنے یا پھر ان کی ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔