لاشوں کی اسلام آباد منتقلی، لواحقین پریشان

پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کے گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے میں سوار افراد کی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

جمعرات کی صبح لاشیں ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس سے اسلام آباد پہنچائی گئیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایبٹ آباد سے لاشوں کی اسلام آباد اور سی ایم ایچ راولپنڈی منتقلی کے لیے تین فوجی ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین میں سے بعض صبح ہی سے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں جمع ہیں۔

لواحقین کا شکوہ تھا کہ متاثرہ خاندانوں کی مناسب رہنمائی نہیں کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق حادثے کے مقام سے ملنے والے اعضاء کی شناخت ڈی این اے تجزیے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

جمعرات کو ملک میں فضا عمومی طور پر سوگوار رہی اور ذرائع ابلاغ میں بھی دن بھر اس حادثے سے متعلق خبر شائع ہوتی رہیں۔

پی آئی اے‘ کا طیارہ ’پی کے 661‘ حویلیاں کے قریب ایک گاؤں سدھا بتولنی میں گر کر تباہ ہوا۔

اس طیارے پر 42 مسافر سوار تھے جن میں 31 مرد، نو خواتین، دو بچوں کے علاوہ عملے کے پانچ افراد بھی سوار تھے۔