چیچنیا: سرکاری عمارت پر حملہ، تین اہلکاروں سمیت نو ہلاک

رمضان قدیروف

حکام کے مطابق چھ حملہ آوروں نے گشت پر مامور تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد سرکاری عمارت پر دھاوا بولا۔

چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی میں ایک عمارت پر حملے کے بعد ہونے والی جھڑپ میں کم از کم چھ حملہ آور اور تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے رائیٹرز نے روس کے حمایت یافتہ چیچنیا کے لیڈر رمضان قدیروف کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’چھ دہشت گردوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔‘‘

حکام کے مطابق چھ حملہ آوروں نے گشت پر مامور تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد سرکاری عمارت پر دھاوا بولا۔

ماسکو میں روس کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ گروزنی میں اب بھی ایک کارروائی جاری ہے تاہم اس بارے میں اُنھوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

اکتوبر میں گروزنی میں ایک خودکش حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے تھے۔

چیچنیا میں علیحدگی پسندوں کی 1994ء سے 1996ء اور پھر 1999ء سے 2000ء کے درمیان بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے بعد رمضان قدیروف کا چیچنیا پر مضبوط کنٹرول برقرار ہے۔