پاکستان کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور میں ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کی اُمیدوار کلثوم نواز نے 59413 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
اُن کی حریف پاکستان تحریک انصاف کی اُمیدوار ڈاکٹر یاسمین 46143 ووٹ حاصل کیے۔ یوں سابق وزیر اعظ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے یہ سیٹ 13268 کے فرق سے جیت لی ہے۔
یہ نشست تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کی عدالت عظمیٰ کے ایک فیصلے کے نتیجے میں نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ وقت ختم ہونے کے بعد صرف ان ہی لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی جو پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود تھے۔
اس حلقے میں مجموعی طور پر 44 امیدوار میدان میں تھے لیکن توقع کی جا رہی تھی کہ حکمران جماعت کی امیدوار کلثوم نواز اور حزب مخالف کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔
پیپلزپارٹی سمیت کل 12 سیاسی جماعتوں نے اس انتخاب میں امیدوار میدان میں اتارے تھے جب کہ 32 امیدوار آزاد حیثیت میں انتخابی دوڑ میں شامل تھے جن میں سے بیشتر کی ضمانتیں ضبط ہوگئی ہیں۔
حلقے کے تمام 220 پولنگ اسٹیشنز کا حساس قرار دیتے ہوئے وہاں فوج کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔
چند ایک مقامات پر حریف امیدواروں کے کارکنوں کے آمنے سامنے آنے اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کے علاوہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہوا۔
حلقہ این اے 120 کے 39 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن نے تجرباتی طور پر ووٹروں کی بائیومیٹرک تصدیق کے لیے مشینیں بھی نصب کی گئی تھیں۔
اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 321786 ہے۔
یہ حلقہ مسلم لیگ ن کا مضبوط گڑھ رہا ہے جہاں سے ماضی میں نواز شریف کامیاب ہو کر اسمبلی میں پہنچتے رہے ہیں۔
2013ء کے عام انتخابات میں نواز شریف کے مدمقابل تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد تھیں جنہیں گو کہ شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ 50 ہزار سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب رہی تھیں۔