آج امریکہ کی پانچ ریاستوں میں پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں, جن میں کنساس کی سینیٹ کی سیٹ کے لیے ری پبلیکن کا ایک اہم مقابلہ بھی شامل ہے۔
کنساس ریاست کی ری پبلیکن سیٹ کے لیے 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہ سیٹ ری پبلیکن سینٹر پیٹ رابرٹس کے ریٹائر ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔
خود رابرٹس نے اس سیٹ کے لیے کانگرس کے رکن راجر مارشل کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ مارشل کو ری پبلیکن رہنماؤں کی حمایت حاصل ہے۔
اس کے علاوہ کینساس ریاست کے سابقہ سیکرٹری آف سٹیٹ کرس کوباچ اور پلمبنگ کمپنی کے بانی باب ہیملٹن بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ کوباچ 2018 میں گورنر کے مقابلے میں ہار گئے تھے۔
اس ریاست میں سینیٹ کی سیٹ کے لیے آخری بار کسی ری پبلیکن امیدوار کو 1932 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس لیے جو ری پبلیکن امیدوار اس پرائمری انتخاب میں کامیاب ہو گا اسے نومبر میں ہونے والے الیکشن میں حمایت حاصل رہے گی۔
ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے امیدوار باربرا بوائلر نے کسی بھی ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار سے انتخابی مہم کے لے زیادہ چندہ جمع کیا ہے۔ اس سال ہونے والے انتخابات میں ڈیمو کریٹک جماعت کی کوشش ہو گی کہ وہ سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لے۔
اس وقت ری پبلیکن پارٹی کو 47 کے مقابلے میں 53 سیٹوں کے ساتھ سینیٹ میں برتری حاصل ہے جب کہ ڈیموکریٹک پارٹی کو ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل ہے۔
ایوان نمائندگان کے مقابلوں میں کنساس ریاست میں کانگرس کے دوسرے ڈسٹرکٹ میں ری پبلیکن پارٹی کا ایک پرائمری مقابلہ شامل ہے۔ اس مقا بلے میں موجودہ کانگرس کے رکن اسٹیو ویٹکنز کو ریاست کے سابقہ وزیر خزانہ جیک لاٹرنر کا سامنا ہے۔
ریاست میشی گن میں کانگرس کی ڈیموکریٹک رکن راشدہ طلیب کو تیرھویں ڈسٹرکٹ کی پرائمری میں پارٹی سے تعلق رکھنے والی ڈیٹرائٹ سٹی کونسل کی صدر برینڈا جونز سے چیلنج کا سامنا ہے۔
اسی ریاست میں ری پبلیکن پارٹی کے ان دو نشستوں پر پرائمری مقابلے ہوں گے جہاں دو ممبران کانگرس ریٹائر ہو رہے ہیں۔ کانگرس کے تیسرے ڈسٹرکٹ کے لیے جسٹن امیش کی نشست پر مقابلے میں پانچ امیدوار میدان میں ہیں۔ جب کہ دسویں ڈسٹرکٹ میں پال مچل کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والی نشست کے لیے تین امیدواروں میں مقابلہ ہے۔
ایری زونا ریاست میں سابقہ سینیٹر جان مکین کی وفات کے باعث دو سال مکمل کرنے کے لیے ایک خصوصی پرائمری انتخاب منعقد ہو رہا ہے۔
جان مکین کی وفات کے بعد مارتھا مک سیلی کو 2018 میں اس سیٹ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ اب ان کا مقابلہ ایک کاروباری شخصیت ڈینیل مکارتھی سے ہے۔ دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار اور سابق خلاباز مارک کیلی نمایاں امیدوار ہیں۔
ایری زونا، میزوری اور واشنگٹن ریاستوں میں بھی ایوان نمائندگان کے پرائمری مقابلے ہو رہے ہیں۔
عام انتخاب اس سال تین نومبر کو ہوں گے اور کامیاب امیدوار جنوری میں اپنی نشستیں اور عہدے سنبھال لیں گے۔