برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے لاس اینجلس میں بغیر اجازت بیٹے کی تصویر کھینچنے والے فوٹوگرافرز کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
جوڑے کے وکیل مائیکل جے کمپ نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ جوڑے کو حال ہی میں اس بات کا علم ہوا تھا کہ ان کے 14 ماہ کے بیٹے آرچی کی تصاویر کا کمپیوٹر سافٹ وئیرز کے ذریعے غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔
فوٹو گرافرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آرچی کی تصویر ایک عوامی تقریب میں اتاری گئی تاہم شہزادہ ہیری اور میگھن نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آرچی کسی عوامی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
جوڑے نے نامعلوم فوٹو گرافرز کے خلاف قانونی شکایت درج کرائی ہے۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے قانون کے مطابق بغیر اجازت کسی کی بھی تصویر نہیں کھینچی جاسکتی، خواہ وہ شخص کسی عوامی تقریب میں شریک ہو یا اپنے گھر میں موجود ہو۔
شہزادہ ہیری اور میگھن کے وکیل نے مزید بتایا کہ تصویر ڈرونز، ہیلی کاپٹرز یا ٹیلی فوٹو لینز کے ذریعے بھی نہیں کھینچی جاسکتی۔
شہزادہ ہیری اور میگھن کے رواں سال شاہی خاندان سے دست برداری کے بعد میڈیا کے ساتھ تعلقات میں تلخی آئی ہے۔
ایک بیان میں شہزادی میگھن نے کہا تھا کہ میڈیا کے بعض گروپ اور پاپارازی فوٹو گرافرز اب سرخ لکیر عبور کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ اُنہوں نے اپنے بیٹے کی نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دائر کیا ہے۔
رواں سال شاہی خاندان سے الگ ہونے کے بعد شہزادہ ہیری اور میگھن نے اعلان کیا تھا کہ وہ خود اپنا ذریعہ معاش تلاش کریں گے۔ ابتداً جوڑے نے کینیڈا میں سکونت اختیار کی تھی، لیکن آج کل وہ لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔
ملکہ برطانیہ کی مشاورت سے طے پانے والے معاہدے کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل شاہی خطابات استعمال نہیں کر سکیں گے۔ لیکن ایک بیان میں جوڑے کا کہنا تھا کہ وہ ملکہ برطانیہ کی اقدار کا تسلسل جاری رکھیں گے۔