بالی وڈ کی ’دیسی گرل‘ پریانکا چوپڑہ نے ’بدیس‘ یعنی امریکا میں بھی اپنے کام کا کچھ ایسا رنگ جمایا کہ ’پیپلز چوائس ایوارڈ‘ حاصل کرنے والی پہلی ساوٴتھ ایشین بن گئیں۔
عوام کے ووٹوں کی بنیاد پر دئیے جانے والے ’پیپلز چوائس ایوارڈز‘ کی شاندار تقریب امریکا کے شہر لاس اینجلس میں منقعد ہوئی۔
پریانکا امریکی ٹی وی ڈرامہ سیریز ’کوانٹیکو‘ میں اپنی بہترین اداکاری پر ’پیپلز چوائس ایوارڈ‘ جیت کر ایسی پہلی ساوٴتھ ایشین آرٹسٹ بن گئی ہیں جنہوں نے یہ ایوارڈ جیتا۔
’ہندوستان ٹائمز‘،’ سی این این آئی بی این‘ اور دیگر بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا نے پیپلز ایوارڈ اپنے نام کرنے کے لئے جیمی لی کرٹس،ایمابروٹس،مارسیاگے ہارڈن اورلیا مشیل کوشکست دی۔
’کونٹیکو‘ میں پریانکا نے پہلے ایف بی آئی ایجنٹ اورپھرمشتبہ دہشت گرد کا کردار بہت خوبصورتی سے نبھایا ہے۔
ایوارڈ پانے کے بعد پریانکا نے ’ٹوئیٹر‘ پر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا جن کے ووٹوں کی وجہ سے انہیں ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔
امریکی اخبار’ لاس اینجلس ٹائمز‘ کے مطابق، ایلن ڈی جینیرس نے ’ہیومینٹرین اور ڈے ٹائم ٹی وی ہوسٹ کے ایوارڈز جیت کر مجموعی طور پر17 مرتبہ ایوارڈ حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔
لوگوں کی پسند کے لحاظ سے ’فیوریس 7‘ سال کی بہترین فلم، چیننگ ٹیٹم بہترین اداکار جبکہ سینڈرا بلک بہترین اداکارا قرار پائیں۔
ٹی وی شو ’بگ بینگ تھیوری‘ لوگوں کا پسندیدہ ٹی وی شو رہاجبکہ بہترین اینی میٹیڈ ٹی وی شو کا ایوارڈ ’دی سیمپسن‘ نے جیتا۔
ایڈ شیرن کو بہترین مرد میوزیشنز اور ٹیلر سوئفٹ کو بہترین خاتون میوزیشن کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ففتھ ہارمونی نے بہترین میوزک گروپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔
البم ٹائٹل بہترین البم، میگھن ٹرینرکا گانا ’واٹ ڈو یو مین‘ بہترین گانا قرار دئیے گئے۔
سوشل میڈیا سیلبریٹی کا ایوارڈ جس شخصیت نے حاصل کیا وہ تھے جسٹن بیبر جبکہ ’کینڈی کرش‘ ساگا موبائل گیمز میں اولین پسند بن کر سامنے آیا اور ایوارڈ کا حق دار قرار پایا۔