فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں پولیس کی ایک گاڑی امریکہ مخالف مظاہرہ کرنے والوں پر چڑھ دوڑی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
لگ بھگ ایک ہزار مظاہرین امریکی سفارتخانے کے سامنے جمع تھے اور فلپائن میں امریکی فوجوں کی موجودگی ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس اور پانی کی تیز دھار کا استعمال کیا۔
ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں دکھایا گیا کہ پولیس کی ایک گاڑی کے گرد جمع مظاہرین اس پر ڈنڈے برسا رہے تھے کہ اس پر سوار پولیس اہلکار نے ہجوم سے متعدد بار گاڑی کو ٹکرایا۔
مظاہرین کے ایک راہنما ریناتو رییس نے بتایا کہ گاڑی کی ٹکر سے کم از کم تین افراد اس قدر زخمی ہوئے کہ انھیں استعمال میں داخل کروانا پڑا ہے۔
مظاہرین نے پولیس پر سرخ رنگ بھی پھینکا جس کے بعد درجنوں افراد کو یہاں سے حراست میں بھی لے لیا گیا۔
حالیہ ہفتوں میں فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹرٹے ایسی خارجہ پالیسی پر زور دیتے آئے ہیں جو امریکہ کے تعاون پر مرکوز نہ ہو اور ان کی طرف سے صدر براک اوباما پر تنقید بھی دیکھنے آ چکی ہے۔