پی ایس ایل 2020 کے لیے 28 غیر ملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ برس فروری میں شروع ہونے والی سپر لیگ کے سیزن فائیو کے لیے 28 غیر ملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

ان کھلاڑیوں کا تعلق دنیا کے 8 ممالک سے ہے جنہیں پلاٹینیم کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کا نمایاں نام ڈیل اسٹین ہے جن کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے اور وہ پہلی مرتبہ پی ایس ایل کھیلیں گے۔

انہوں نے آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پی سی بی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق سات غیر ملکی کھلاڑیوں کا تعلق انگلینڈ، چھ کا جنوبی افریقہ جبکہ 5 کھلاڑی ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھتے ہیں۔

آسٹریلیا اور افغانستان کے تین، تین، سری لنکا سے دو جبکہ نیپال اور نیوزی لینڈ کا ایک ایک کھلاڑی پی ایس ایل سیزن فائیو کا حصہ ہوگا۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی:

پی ایس ایل ڈرافٹنگ کا حصہ بننے والے انگلش کھلاڑیوں میں معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی:

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، جے پی ڈومنی، کولن انگرام، ریلے روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر پی ایس ایل فائیو میں دکھائی دیں گے۔

ویسٹ انڈیز:

کارلوس بریتھ ویٹ، ڈائن براوو، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیرون پولارڈ اس سے قبل بھی پی ایس ایل میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں اور یہ سب کھلاڑی ایک مرتبہ پھر ایونٹ میں دکھائی دیں گے۔

آسٹریلیا:

پی ایس ایل فائیو کے لیے آسٹریلیا کے تین کھلاڑی ڈین کرسٹن، بین کٹنگ اور کرس لین کے نام سامنے آئے ہیں۔

افغانستان:

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے لیے افغانستان کے محمد نبی، مجیب الرحمٰن اور راشد خان کو ڈرافٹنگ کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

سری لنکا:

پی ایس ایل فائیو میں سری لنکا کے دو ہی کھلاڑی اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پریرا ہی جلوہ گر ہوں گے۔

نیوزی لینڈ:

نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز کولن منرو کو پی ایس ایل فائیو کے ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

نیپال:

نیپال کی ٹیم کے نوجوان اسپنر سندیپ لمیچہانے بھی ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل فائیو میں دکھائی دیں گے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن 21 نومبر تک جاری رہے گی۔ رجسٹریشن کے بعد اس فہرست میں شامل تمام کھلاڑیوں کے ناموں کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ابتدائی فہرست میں آئندہ ہفتے مزید کھلاڑیوں کے نام شامل ہوں گے۔

ایونٹ کے لیے پانچ کٹیگریز رکھی گئی ہیں جن میں پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کیٹیگری شامل ہے۔

پی ایس ایل میں شامل چھ ٹیموں کے اسکواڈ میں کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ہر اسکواڈ میں تین پلاٹینم، تین ڈائمنڈ، تین گولڈ، پانچ سلور، دو ایمرجنگ اور دو سپلیمنٹری کھلاڑی شامل ہوں گے۔

شرائط کے مطابق ہر اسکواڈ میں 11 مقامی اور 5 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہوگی تاہم 18 رکنی اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی ترتیب دو آرڈر میں کی جاسکتی ہے۔

اسکواڈ میں یا تو 12 مقامی اور 6 غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے یا پھر 13 مقامی اور 5 غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے جب کہ پلیئنگ الیون میں کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ چار غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت لازمی ہے۔

ہر فرنچائز پچھلے اسکواڈ میں شامل 8 کھلاڑیوں کو دوبارہ منتخب کر سکتی ہے۔