پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19رنز سے شکست دی دے۔
پی ایس ایل کے کسی بھی سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کراچی کنگز کی یہ پہلی جیت ہے۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 149 رنز بنائے لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 130 رنز ہی بنا سکی۔ کوئٹہ کے چھ بلے باز ڈبل فیگرز میں بھی نہ پہنچ سکے۔
کراچی نے دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، خرم منظور اور جو ڈینلے نے اننگز کا آغاز کیا اور 34 رنز کی شراکت داری قائم کی، ڈینلے مشکل رن لینے کی کوشش میں 14رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
ڈینلے کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے لیکن زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10رنز پر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کو کیچ دے بیٹھے، اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جو 35رنز بنا کر انور علی کا شکار بنے۔
دوسرے اینڈ پر کولن انگرام نے دھواں دار بیٹنگ کی اور صرف 21 گیندوں پر 41 رنز بناکر مجموعی اسکور 131تک پہنچا دیا، اس موقع پر وہ آرچر کی گیند پر راحت علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
روی بوپارا نے 24رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہد آفریدی اور کپتان عماد وسیم نے شائقین کو شدید مایوس کیا، آفریدی 4 اور عماد صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔
شین واٹسن نے اپنے آخری اوور میں تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یوں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنا سکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے شین واٹسن نے تین، انورعلی اور آرچر نے دو، دو جبکہ راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا۔ اوپنرز اسد شفیق اور شین واٹسن کے درمیان غلط فہمی کے باعث صرف 4 رنز کے مجموعی اسکور پر واٹسن رن آؤٹ ہوگئے۔ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر اسد شفیق کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔
کیون پیٹرسن 6 اور ریلی روسو 18 رنز بنا سکے، صرف 45 رنز پر چار ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کے آؤٹ ہونے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دباؤ کا شکار ہو گئے۔
اس موقع پر ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کپتان سرفراز احمد میدان میں اُترے لیکن وہ بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور شاہد آفریدی کی گیند کو سویپ کرنے کی کوشش میں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، وہ صرف 7رنز ہی بنا سکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات اس وقت دو چند ہوگئیں جب شاہد آفریدی نے باؤنڈری لائن پر حیرت انگیز کیچ پکڑ کر عمر امین کو گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا۔
صرف 70 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد محمد نواز اور حسن خان ٹیم کے لئے امید کی کرن بن کر سامنے آئے اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 113 رنز تک پہنچا دیا لیکن اس موقع پر محمد عامر نے 30 رنز پر محمد نواز کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔
انور علی 7 اور آرچر 5 رنز بناسکے، یوں کراچی کنگز نے یہ میچ با آسانی 19 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
عماد وسیم، ملز اور محمد عرفان جونیئر نے دو، دو جبکہ محمد عامر اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔