پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے دوران لاہور قلندرز نے جارح مزاج سابق جنوبی افریقی کپتان اور مسٹر 360 اے بی ڈی ولیئر اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو چن لیا، جبکہ سابق کپتان مصباح الحق پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔
14 فروری 2019 سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے سلسلے میں منگل کو اسلام آباد میں ڈرافٹنگ کی تقریب کے دوران ایونٹ میں شریک 6 فرنچائز کے لیے 633 ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔
ایونٹ میں پشاور زلمی، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور چھٹی ٹیم شامل ہے جس کے فرنچائز کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
ڈرافٹنگ میں شامل کھلاڑیوں کو 6 کیٹیگریز پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور، ایمرجنگ اور سپلیمنٹری میں تقسیم کیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز
ڈرافٹنگ کے دوران لاہور قلندرز نے سب سے پہلے پلاٹینم کیٹیگری میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ولیئرز اور محمد حفیظ جبکہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں کارلوس بریتھ ویٹ اور کورے اینڈرسن کا انتخاب کیا۔ گولڈ کیٹیگری میں نیپال کے سندیپ کا انتخاب عمل میں آیا۔
پشاور زلمی
پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق کپتان مصباح الحق اور کائرون پولارڈ، جبکہ گولڈ کیٹیگری میں عمر امین اور ڈیوڈ میلان کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گولڈ کیٹیگری میں آسٹریلیا کے لیگ اسپنر فواد احمد کو گولڈ کیٹیگری جبکہ سلور کیٹیگری میں محمد اصغر اور دانش عزیز کا انتخاب کیا۔
اسلام آباد یونائٹیڈ
اسلام آباد یونائٹیڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں سے این بیل جبکہ سلور کیٹیگری میں سے کیمرون ڈیلپورٹ کو ٹیم میں شامل کیا۔
کراچی کنگز
کراچی کنگز نے گولڈ کیٹیگری میں زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا کو منتخب کیا۔
چھٹی ٹیم
ایونٹ کی چھٹی ٹیم نے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیون اسمتھ کو ٹیم کا حصہ بنایا، جبکہ گولڈ کیٹیگری میں قیس احمد اور نیکولیس پورن کا انتخاب کیا گیا۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل میں کئی غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس بار 8 میچز پاکستان میں ہوں گے، جبکہ اگلی بار ان میچز کی تعداد مزید بڑھا دی جائیں گی۔