پی ایس ایل سیرن فور کے ذریعے چار نئے کھلاڑی دریافت

حارث روف

دنیا کی دیگر کرکٹ لیگز کی طرح پاکستان سپر لیگ بھی جہاں ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے مددگار ثابت ہورہی ہے وہیں ایسا نیا ٹیلنٹ بھی سامنے لارہی ہے جو پاکستان کرکٹ ٹیم میں متبادل کھلاڑیوں کی کمی کو دور کررہا ہے۔

جس کی طرح ماضی میں پی ایس ایل نے فخرزمان، حسن علی، شاہین آفریدی، شاداب خان اور فہیم اشرف جیسے کرکٹرز دیئے جو آج قومی ٹیم کا حصہ ہیں، اسی طرح حالیہ سیزن میں بھی کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جن کے بارے میں کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔

پاکستان ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پی ایس ایل نوجوان فاسٹ بولرز قومی ٹیم میں شمولیت کے لئے مدد گار ثابت ہورہا ہے، حالیہ سیزن میں بھی ایسے فاسٹ بولرز ہیں جو 150اور 145کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہے ہیں اور ٹیم میں پہلے سے موجود بولرز کے لئے چیلنج ہیں۔

حارث روف
پی ایس ایل لاہور قلندرز دیگر فرنچائز کے مقابلے میں زیادہ متحرک ہے اور ٹیلنٹ کی تلاش میں وقتاً فوقتاً پروگرامز کرتی رہی ہے، اس مرتبہ بھی وہ فاسٹ بولر حارث روف کی شکل میںنیا ٹیلنٹ سامنے لائی ہے۔

حارث رؤف نے اپنی تیز رفتار گیندوں سے نا صرف حریف بیٹسمینوں کو پریشان کیا بلکہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز بھی ان کی صلاحیتوں سے متاثر نظر آتے ہیں۔ حالیہ سیزن میں وہ وہاب ریاض، محمد عامر، شاہین آفریدی، عثمان شنواری، جنیدخان اور راحت علی جیسے بولرز سے بھی آگے ہیں۔

حارث رؤف فہیم اشرف، حسن علی اور سہیل تنویرسیزن کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، انہوں نے 7اعشاریہ 21کے اکانومی ریٹ سے مجموعی طور پر11وکٹیں لی ہیں، ان کی بہترین پرفارمنس 23رنز کے عوض 4وکٹیں ہے۔

محمد حسنین
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 18 سالہ دراز قد فاسٹ بولر محمد حسنین نئے ٹیلنٹ کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے اپنی تیز رفتار گیندوں سے سلیکٹرز کو بھی اپنا گرویدہ بنالیا۔یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل اور ڈومیسٹک سیزن میں اچھی پرفارمنس پر پی سی بی نے اُنہیں 22مارچ سے آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے سولہ رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ محمد حسنین مستقبل کے فاسٹ بولر ہیں، وہ ناصرف 145کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ باقاعدگی سے گیند کراتے ہیں بلکہ اُنہیں بال پر مکمل کنٹرول بھی حاصل ہے جس کی وجہ سے انہوں نے جاری پی ایس ایل سیزن میں کئی اہم وکٹیں لیں۔

محمد حسنین نے 151کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ایونٹ میں تیزترین گیند بھی کرائی۔ انہوں نے کوئٹہ کی طرف سے صرف پانچ میچز کھیلے ہیں اور 7اعشاریہ 18کے اکانومی ریٹ سے 5وکٹیں لیں ہیں۔ کسی بھی اننگز میں ان کی بہتری پرفارمنس 32رنز دے کر 2وکٹ ہے۔

عمرخان
کراچی کنگز کے لیفٹ آرم اسپنرعمرخان کی صلاحیتیں بھی پی ایس ایل کی بدولت دنیا کے سامنے آئی ہیں، انہوں اپنی جادوئی بولنگ سے انٹرنیشنل کرکٹرز کو بھی خوب پریشان کیا اور اے بی ڈیولیئرز، شین واٹسن، لیوک رونکی اور کورے اینڈرسن جیسے مایہ ناز بیٹسمینوں کو آؤٹ کرکے توجہ کا مرکز بنے۔

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی عمر خان کی بولنگ کے معترف ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ عمر خان نے اپنی بولنگ سے کافی متاثر کیا، وہ سیکھنا چاہتا ہے اور بولنگ میں کافی مہارت رکھتا ہے۔

عمرخان نے ایونٹ میں اب تک 8میچ کھیلے ہیں اور 6اعشاریہ 73کے اکانومی ریٹ سے 10 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ بہترین بولنگ 22رنز کے عوض تین وکٹیں ہے۔

محمد موسیٰ خان
اسلام آباد یونائیٹڈ کے 18سالہ فاسٹ بولر محمد موسیٰ خان نے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا ہےاور وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کااثاثہ بن سکتے ہیں۔

پشاور زلمی کے خلاف میچ میں موسیٰ خان نے کامران اکمل، ڈیوڈ ملان اور ڈیرن سیمی کی وکٹیں حاصل کیں، وہ پی ایس ایل میں اب تک پانچ میچز کھیل کر 5وکٹیں لے چکے ہیں۔ ان کی بہترین پرفارمنس 25رنز کے عوض تین وکٹیں ہیں۔