پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن-فائیو کے ٹکٹوں کی آن لائن بُکنگ پیر کی شب 8 بجے سے شروع ہو گئی ہے جب کہ کوریئر سروس 'ٹی سی ایس' کی مختلف برانچز پر ان ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہو گا۔
شائقین کرکٹ نجی کمپنی کی ویب سائٹ www.yayvo.com پر جا کر ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے شناختی کارڈ کا ہونا ضروری ہے اور ایک شخص ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ سات ٹکٹ خرید سکتا ہے۔
پی ایس ایل کی ویب سائٹ کے مطابق زیادہ تر ٹکٹیں آن لائن کے مقابلے میں ٹی سی ایس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔ ملک بھر میں ٹکٹوں کی فروخت کے لیے 30 سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
ایونٹ کا پہلا میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی ٹکٹس سب سے مہنگی ہیں جن کی قیمت ایک ہزار روپے سے چھ ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
پی ایس ایل سیزن فائیو 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
بیشتر میچز کے ٹکٹس 500 سے تین ہزار روپے جب کہ کچھ میچز کے ٹکٹ 250 روپے میں بھی دستیاب ہوں گے۔ بائیس مارچ کو ہونے والے فائنل میچ کی ٹکٹوں کی قیمت 5 ہزار روپے ہو گی۔
دن کے مقابلے میں رات کے وقت ہونے والے میچز کی ٹکٹ زیادہ مہنگی ہوں گی۔
سیزن- فائیو میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطان، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔