پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں انتخابات آٹھ اکتوبر تک ملتوی کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کو اس حوالے سے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات 30 اپریل ہی کو ہونے چاہئیں۔
رہنما تحریکِ انصاف کا مزید کہنا تھا کہ "ہم کسی صورت آئین کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے، آئین میں واضح ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز کے اندر انتخابات کا انعقاد قانونی تقاضا ہے۔"
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف انتخابات کے لیے تیار ہے اور اُمیداروں سے بھی کہہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بدھ کی شب ایک اعلامیہ جاری کر کے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو کرانے کا شیڈول منسوخ کر دیا تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکیورٹی صورتِ حال اور انتظامی امور کو 30 اپریل کا انتخابی شیڈول منسوخ کرنے کی وجہ بتایا تھا۔