روسی صدر نے اِس بات پر اصرار کیا کہ ’’ہم سرکاری سطح پر کبھی ایسا کام نہیں کرتے‘‘۔ اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’کوئی ہیکر یورپ، ایشیا یا امریکہ جیسے کسی ملک کی انتخابی مہم پر اثرانداز نہیں ہو سکتا‘‘
واشنگٹن —
صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ روسی حکومت کبھی بھی ہیکنگ میں ملوث نہیں رہی۔
جمعرات کے روز سینئر ایڈیٹروں اور سرکردہ بین الاقوامی خبر رساں اداروں سے ملاقات کے دوران اپنے کلمات میں، پوٹن نے کہا کہ مغرب کے ساتھ روس کے موجودہ سرد مہری کے تعلقات کے دور میں، چند انفرادی ’’محبِ وطن‘‘ ہیکر کچھ حملے کر سکتے ہیں۔
تاہم، اُنھوں نے وضاحت کے ساتھ اِس بات پر اصرار کیا کہ ’’ہم سرکاری سطح پر کبھی ایسا کام نہیں کرتے‘‘۔
پوٹن نے یہ بھی کہا کہ ’’کوئی ہیکر یورپ، ایشیا یا امریکہ جیسے کسی ملک کی انتخابی مہم پر اثرانداز نہیں ہوسکتا‘‘۔
امریکی انٹیلی جنس اداروں نے روس پر ڈیموکریٹک پارٹی کی اِی میل ہیک کرنے کا الزام لگایا ہے، جس کے نتیجے میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی کامیابی میں مدد ملی۔