روس کے وزیراعظم ولادیمرپوٹن نے امریکہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے حزب مخالف کے مظاہروں کو اکسانے میں واشنگٹن کا ہاتھ ہے۔
جمعرات کو مسٹر پوٹن کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کے بیان سے ان کے مخالفین کو ’’اشارہ ملا‘‘۔
ہلری کلنٹن نے رواں ہفتے کہا تھا کہ روس کے پارلیمانی انتخابات نہ تو آزادانہ تھے اور نہ ہی شفاف اور ان کے نتائج نے بہت سے ’’سجنیدہ تحفظات‘‘ کو جنم دیا ہے۔
حزب مخالفین اور بین الاقوامی مبصرین بھی کہہ چکے ہیں کہ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی، بیلٹ بکس بھرنے اور دیگر بے قاعدگیوں کے الزامات سامنے آچکے ہیں۔
انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف حزب مخالف کے مظاہرین احتجاج کررہے ہیں۔
روس کے ایک سابق رہنما میخائل گورباچوف نے حالیہ پارلیمانی انتخابات کو منسوخ کرکے دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 80 سالہ رہنما کا کہنا تھا کہ نتائج عوامی خواہشات کی ترجمانی نہیں کرتے۔