زلزلے کے بعد گوادر کے قریب سمندر میں جزیرہ نمودار

جزیرے کی اونچی سطح سمندر سے اندازاً 20سے 40 فٹ بلند ہے، جبکہ اس کی لمبائی ڈیڑھ کلو میٹر ہے
پاکستان میں منگل کو آنے والے زلزلے کے بعد گوادر کے ساحل کے قریب ایک جزیرہ نمودار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پاکستان کے تقریباً تمام ہی بڑے نجی ٹی وی چینلز نے اس جزیرے کی فوٹیج نشر کی۔ فوٹیج میں سمندر میں پہاڑ نما جزیرے کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔


اس خبر کے نشر ہوتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد گوادر کے ساحل پر جمع ہو گئی۔

کچھ عینی شاہدین کے حوالے سے مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جزیرے کی اونچی سطح سمندر سے اندازاً 20سے 40فٹ بلند ہے جبکہ اس کی لمبائی ڈیڑھ کلومیٹر ہے۔


ایک ٹی وی رپورٹ میں یہاں تک کہا گیا ہے کہ اب سے 50سال پہلے بھی اسی طرح کا ایک جزیزہ نمودار ہوا تھا، جو وقت کے ساتھ ساتھ دوبارہ زیر آب چلا گیا۔

ڈی آئی جی گوادر معظم جاہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پہاڑ نما جزیرہ گوادر کے ساحل سے تقریبا ساڑھے تین سو فٹ دور ہے، اس سے بندرگاہ آنے اور جانے والے بحری جہازوں کے روٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔