ملکہ برطانیہ نے'اولڈی آف دی ایئر' کا اعزاز قبول کرنے سے معذرت کر لی

فائل فوٹو

ملکہ الزبتھ دوم برطانیہ کی معمر ترین اور طویل ترین عرصے تک راج کرنے والی حکمران ہیں۔ لیکن انہیں خود کو بوڑھا کہلوانا منظور نہیں۔ 95 سالہ ملکہ نے ایک برطانوی میگزین کی جانب سے "اولڈی آف دی ایئر" نامزد ہونے کے اعزاز کو شائستگی سے مسترد کر دیا ہے۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق ان کے اسسٹنٹ, پرائیویٹ سیکرٹری ٹام لینگ بیکر نے میگزین کو ایک خط میں لکھا کہ،" ملکہ معظمہ کا خیال ہے کہ آپ اتنے بوڑھے ہوگئے ہیں کہ خود کو بھی ایسا محسوس کرتے ہوں، جب کہ ملکہ نہیں سمجھتیں کہ وہ یہ اعزاز قبول کرنے کے لئے موزوں ہونے کے متعلقہ معیار پر پوری اترتی ہیں، اور امید کرتی ہیں کہ آپ اس اعزاز کے لئے ان سے زیادہ موزوں شخصیت کو تلاش کر لیں گے"۔

ملکہ برطانیہ تقریر کر رہی ہیں۔ فائل فوٹو

ملکہ جو اس سال بیوہ ہوئی ہیں اب بھی شاہی فرائض کی ادائیگی میں انتہائی مصروف رہتی ہیں۔ منگل کے روز انہوں نے سفارت کاروں سے گفتگو کا اہتمام کیا اور عالمی کاروباری راہنماوں کے لئے ونڈ سر کیسل میں ایک استقبالئے کی میزبانی کی۔

اولڈی آف دی ائیر ایوارڈ سے ایسے عمر رسیدہ لوگوں کو نوازا جاتا ہے جنہوں نے عوامی زندگی میں ایک خصوصی کردار ادا کیا ہو۔ ملکہ کے شوہر شہزادہ فلپ نے، جو اپریل میں انتقال کر گئے تھے،2011 میں یہ اعزاز وصول کیا تھا جب وہ نو ے برس کے تھے۔

SEE ALSO: بائیڈن ملکہ برطانیہ سے ملاقات کرنے والے 13ویں امریکی صدر

ملکہ کی جانب سے انکار کے بعد، اس سال کا اولڈی آف دی ایئر ایوارڈ ان کے بجائے نوے سالہ فرانسیسی نژاد امریکی اداکارہ اور ڈانسر لیسلی کارون کو دیا گیا۔

(اس خبر کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے )