فلم ”را۔ ون“ سے جڑی انوکھی، دلچسپ اور ’دیومالائی‘ حقیقتیں

فلم ”را۔ ون“ سے جڑی انوکھی، دلچسپ اور ’دیومالائی‘ حقیقتیں

شاہ رخ خان کی ’دیوانگی کا خواب‘ بدھ کو پورا ہونے جارہا ہے ۔ دوسال کی طویل مدت کے بعد ان کی نئی فلم” را۔ون “کل ریلیز ہونے جارہی ہے۔ مبصرین کے مطابق شاہ رخ خان نے اس فلم کی تیاری میں دیوانگی کی تمام حدوں کو پار کرلیا ہے ۔یہ دیوانگی منفی نہیں مثبت ہے ۔ غالباً وہ فلم کو ہر ہر پہلو سے منفرد بناکر پیش کرنا چاہتے تھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کوئی کثر نہیں چھوڑی۔

فلم ” را۔ون“ سائنس فکشن سپر ہیروفلم ہے جبکہ اس سے جڑی بہت سی انوکھی اور دلچسپ باتیں ’ دیومالائی داستان‘ کی حیثیت اختیار کرگئی ہیں۔ آیئے آج انہی کے حواے سے کچھ باتیں کی جائیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے آئی اے این ایس اور انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم کی پروموشن پر انتہائی فراغ دلی سے پیسہ خرچ کیا گیا ہے ۔مجموعی طور پر فلم ڈیڑھ ارب روپے میں تیار ہوئی ہے۔ شاہ رخ خان کے نزدیک یہ ایک محض فلم نہیں بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ہے ۔ فلم کی پروموشن کے لئے انہوں نے متعدد شہروں کا دورہ کیا۔ چنائی سے جے پور، بھوپال سے بنگلور اور کولکتہ سے دہلی تک ،انہوں نے ہر شہر میں اپنی آواز پہنچائی جبکہ بیرونی ممالک کا بھی دورہ کیا۔

یہ فلم صرف بھارت میں ہی 3000ٹو ڈی اور 500تھری ڈی سنیماگھروں میں ریلیز کی جارہی ہے۔ فلم کی کامیاب پروموشن کے سبب آئندہ دو ہفتوں تمام سنیما ہال کی تمام نشستیں بک ہیں ۔ فلم ہندی کے ساتھ ساتھ تامل اور تیلگو زبانوں میں بھی ڈب کی جارہی ہے ۔ پہلی مرتبہ یہ فلم جنوبی کوریا اور ہانگ کانگ میں بھی ریلیز ہوگی ۔ گوکہ ان ممالک میں بھارتی فلمیں کی ڈیمانڈ نہیں تاہم ایک نئی روایت ڈالنے کی غرض سے اسے ان ممالک میں کروفر سے ریلیز کیا جارہا ہے ۔فلم کی ریلیز سے امید کی جارہی ہے کہ آنے والے وقت میں ان ممالک میں ہندی فلموں کی ڈیمانڈ بڑھ سکے۔

فلم کے ڈائریکٹر انو بھاو سنہا کے مطابق فلم میں زیادہ تر پیسہ اس کے اسپیشل ایفکٹس اور گرافکس پر خرچ ہوا ہے ۔ شاہ رخ خان نے فلم کو انفرادیت بخشنے کے لئے اس کے اسپیشل ایفکٹس آسکر ایوارڈ یافتہ ماہر رسل پکو ٹی کی خدمات حاصل کی ہیں ۔ تمام اسپیشل ایفیکٹس لاس اینجلس میں تیار کئے گئے ہیں ۔ ان ایفکٹس کو لینے کے لئے بھارت سے ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم امریکہ گئی تھی۔

ہالی ووڈ کی 1994ء مشہور فلم” اسٹار گیٹ“ کے لئے کام کرنے والے جیف کلیسر کو ویژول ایفکیٹس کی نگرانی کے لئے بھاری بھرکم معاوضے پر ہائر کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں ہالی ووڈ کے ہی نیکولا پیچکورنی کو بطور ڈائریکٹر فوٹوگرافی منتخب کیا گیا جبکہ مارٹن واش جو آسکر ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں، انہوں نے فلم کی ایڈیٹنگ کے فرائض انجام دیئے ہیں۔

پوری فلم میں تین ہزار پانچ سو وی ایف ایکس شارٹس ہیں جو بھارت میں جدید ٹیکنالوجی کی شروعات ہے۔ اسپیشل ایفیکٹس کو آپس میں جوڑنے کے لئے بھی لندن ، پیرس ، امریکا اور بنکاک کے نہایت جدید ٹیکنالوجی رکھنے والے اسٹوڈیوز کو کرائے پر حاصل کیا گیا۔

چونکہ فلم میں بہت سی ٹیکنالوجی پہلی مرتبہ استعمال کی گئی ہے لہذا فلم کی ریلیز سے پہلے متعدد ملٹی پلیکسز میں ڈولبی سراوٴنڈسسٹم نصب کرایا گیا ہے ۔فلم کے ایک رول کے لئے پہلے چینی فنکار جیکی چن کو چنا گیا تھا تاہم بعد میں یہ رول چینی نژاد امریکی ایکٹر ٹام وو کو دے دیا گیا۔

فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ کرینہ کپور اور ارجن رامپال نے نمایاں کردار ادا کئے ہیں۔ فلم کا آئیڈیا سب سے پہلے انوبھاو کو ایک کمرشل دیکھتے ہوئے چھ سال پہلے آیا تھا ۔ انہوں نے دیکھا کہ ایک لڑکا ریموٹ کے ذریعے دو لوگوں کو کنٹرول کرے تو کس قسم کے مسائل پیداہوسکتے ہیں اور اس طرح کی کہانی کیسے کیسے موڑ لے سکتی ہے۔ انوبھاو نے اپنا آئیڈیا شاہ رخ خان کو سنایا جس کے بعد دونوں نے ملکر سپر ہیرو والی کئی زبانوں میں بنیں دنیا بھرکی 200فلمیں دیکھیں ۔ جس کا مقصد یہ تھا کہ کس طرح ”را۔ون“ کو دوسروں سے مختلف انداز میں ڈیزائن کیا جاسکے۔

شاہ رخ خان نے فلم کے دوگانوں ”چھمک چھلو“اور ”کریمنل “ کے لئے مغربی سنگر ایکون کی خدمات حاصل کی ہیں۔ فلم میں شاہ رخ خان نے جی ون کا کردار ادا کرتے ہوئے جو سوٹ پہنا ہے وہ سیلی کان ، اسٹارروفوم اور ربڑ کا بنا ہے ۔ یہ سوٹ وزن میں اس قدر بھاری ہے کہ بقول شاہ رخ خان شوٹنگ کے دوران اس سوٹ کی وجہ سے ان کا پانچ کلو وزن کم ہوگیا۔

جی ۔ون کاکردار کے لئے شاہ رخ خان کا میک اپ کرنے میں ہر روز آٹھ سے دس گھنٹے لگتے تھے یہاں تک کہ شاہ رخ خان کو اس دوران کچھ کھانے اور پینے میں بھی انتہائی مشکل ہوتی تھی۔

فلم میں امیتابھ بچن کی وائس اوور استعمال کی گئی ہے۔ فلم کی میوزک ریلیز کی تقریب ایک ویڈیو شیئرنگ سائٹ پر اسٹریمنگ کی شکل میں پیش کی گئی تھی ۔ اس تقریب کو براہ راست ٹی وی پر دکھانے کے حقوق دس کروڑ روپے میں فروخت کئے گئے۔یہی نہیں بلکہ فلم کے سیٹیلائٹ حقوق 35کروڑ اور ڈسٹری بیوشن کے حقوق 77 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے ۔