سنی لیون کی 'راگنی۔۔' سو کروڑ کا بزنس کرلے گی؟؟

”راگنی ۔۔۔“ باقی تینوں فلموں کے مقابلے میں لوگوں کی بھیڑ کو سنیما ہالز تک راتوں رات کھینچ کر لانے اور شاید 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں بھی کامیاب ہوجائے گی۔
بالی ووڈ سنیما تھیٹرز میں آج چار فلمیں ریلیز ہوگئیں۔ ’راگنی ایم ایم ایس ٹو‘، ’گینگ آف گھوسٹس‘، ’انوکھی ادا‘ اور 'لکشمی‘۔

ان چاروں فلموں میں سے سنی لیون کی”راگنی ایم ایم ایس ٹو“ نے سب کی توجہ حاصل کی ہوئی ہے جبکہ باقی تینوں فلموں کے بارے میں کہیں کوئی ہلچل دکھائی نہیں دیتی۔

’بالی ووڈ لائف‘ نے فلم ٹریڈ سے وابستہ لوگوں کی رائے کو بنیاد بناکر امید ظاہر کی ہے کہ ”راگنی۔۔۔“ باقی تینوں فلموں کے مقابلے میں لوگوں کی بھیڑ کو سنیما ہالز تک راتوں رات کھینچ کر لانے اور شاید 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں بھی کامیاب ہوجائے گی۔

ایکتا کپور کی فلم ”راگنی ایم ایم ایس ٹو“ جس کے چرچے کرتے لوگ نہیں تھکتے تھے اس جمعے کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔ زبان زد عام چرچوں کی سب سے بڑی وجہ فلم میں سنی لیون کی موجودگی ہے۔ اور جہاں کینیڈا کی بالغ فلموں سے شہرت رکھنے والی سنی موجود ہوں وہاں بھلا کسی اور شے کی کیا گنجائش رہ جاتی ہے۔

'بالا جی ٹیلی فلمز' کی ہیڈ ایکتا کپور اور سنی لیون سارا وقت بڑھ چڑھ کر اسے پروموٹ کرنے کے موڈ میں رہیں۔ اور چونکہ اسی نام کا سیکوئل سن 2011 میں ہٹ ہوچکا ہے اس لئے دونوں کی کوشش یہ ہے کہ نئی فلم نہ صرف ہٹ ہو بلکہ اتنی ہٹ ہو کہ پہلی فلم کا ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے۔

یو یو ہنی سنگھ کا آئٹم نمبر۔۔ ”چار بوتل واڈکا“
فلم کی کامیابی کو کہیں بریک نہ لگے اس خیال سے ایکتا کپور نے خاص طور پر نوجوانوں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے فلم کو ’مصالحے دار‘ بنایا ہے اوراس کے لئے انہوں نے یو یو ہنی سنگھ کا آئٹم نمبر ”چار بوتل واڈکا“ خوب سجا سنوار کر پیش کیا ہے۔

پنجابی ریپر کے ساتھ ساتھ انہوں نے سنی لیون کے گلیمرس فیس اور دلکش اداوٴں سے بھی نوجوانوں کو رجھانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

ہنی سنگھ کا آئٹم سانگ تو پہلے ہی شہرت کی بلندیوں کو چھو نے لگا ہے اب دیکھیں یہ گانے ایکتا کے لئے کیش کی صورت میں 100 کروڑ کا بزنس لانے میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔

فلم کے ڈسٹری بیوٹر اکشے راٹھی کا کہنا ہے کہ ”اس ہفتے کی چاروں فلموں میں سے ایکتا کپور کی فلم سب پر حاوی لگتی ہے اور اس کی پہلی وجہ ہے اچھا میوزک۔۔۔ جو ابھی سے ینگسٹرز کے دلوں پر چھا گیا ہے۔۔۔ اوردوسری وجہ ہے سنی لیون۔۔ جنہیں دیکھنے کے لئے لوگوں پر جنون سوار ہے۔

تین دیگر فلمیں۔۔ جن سے فلمی پنڈت مایوس ہیں
سنی لیون کے علاوہ ستیش کوشک کی ہارر کم کامیڈی مووی ”گینگ آف گھوسٹس“، رجت کپور کی ”انوکھی ادا“ اور ناگیش ککونور کی ”لکشمی“ بھی اسی ہفتے اسکرینز ہٹ کرے گی لیکن پیشگوئی کرنے والے فلمی پنڈت ان فلموں سے زیادہ پر امید نہیں۔