مون سون بارشوں سے پاکستان میں متعدد ہلاکتیں

مون سون بارشوں سے پاکستان میں متعدد ہلاکتیں

پاکستان میں پچھلے چار روز سے جاری شدید بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں متعدد افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔

زیادہ تر ہلاکتیں جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں ہوئی ہیں جہاں بدھ کی شب مسلسل کئی گھنٹوں تک ہونے والی بارش سے نشیبی نالوں میں طغیانی آگئی جس سے بارکھان کے علاقے میں 19 افراد بہہ گئے۔ مقامی حکام نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ 10 افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ دیگر نو کی تلاش جاری ہے۔ بلوچستان کے ہی ضلع سبی میں بھی سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے دو افراد کی نعشیں ملی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

پنجاب اور خیبر پختون خواہ صوبوں میں بھی بارشوں سے مکانات کی چھتیں منہدم ہونے اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے معتدد افراد کے ہلاک و زخمی ہو نے کی اطلاعات ملی ہیں۔

دارالحکومت اسلام آباد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔