پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو سابق کھلاڑیوں رمیز راجہ اور وسیم اکرم کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی سپرلیگ (پی ایس ایل) کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا ہے۔
جمعرات کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ماضی کے ان دونوں کپتانوں کا کہنا تھا کہ وہ اس لیگ کی ترویج کے لیے اپنا اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں گے اور ان کی کوشش ہوگی کہ آنے والے سالوں میں سپر لیگ کے میچز پاکستان میں بھی منعقد ہو سکیں۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق پہلی پاکستان ٹی ٹوئنٹی سپر لیگ آئندہ سال کے اوائل میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوگی جس میں مختلف بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
رمیض راجہ کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان کی کرکٹ، خاص طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
"ڈریسنگ روم کا جو ماحول ملے گا نوجوان کھلاڑیوں کو، عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارنے سے اور پھر ان کے ساتھ پریکٹس کرنے سے تو یہ جو تجربہ ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔"
وسیم اکرم کو باؤلنگ میں سوئنگ کا گرو مانا جاتا ہے اور وہ کرکٹ کے مبصر کے علاوہ مختلف ٹیموں خصوصاً انڈین پریمیئر لیگ کی ایک ٹیم کی بھی کوچنگ کرتے رہے ہیں۔
پاکستان کے لیے خدمات پیش کرنا ان کی دیگر پیشہ وارانہ مصروفیات سے متصادم تو نہیں ہوگا۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا۔
"میرے لیے ملک ہی پیسہ ہے اور پاکستان سپر لیگ کو فروغ دینے میں میری مدد شامل رہے گی اور پاکستان کے لیے مجھے کچھ اور چھوڑنا پڑے تو کوئی مسئلہ ہی نہیں۔"
ادھر انٹرنیشنل کمیٹی فار ریڈ کراس "آئی سی آر سی" کے زیر اہتمام معذور افراد کے پہلے بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں میں پاکستان کی ٹیم بھارت کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
ڈھاکا میں ہونے والے اس ٹورنامٹ میں شریک پاکستانی ٹیم کے کپتان حسنین عالم کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت پانچ ملکوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور انگلینڈ شامل ہیں۔