قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔
مقامی انتظامیہ نے راولپنڈی میں عام تعطیل کا اعلان کررکھا ہے جب کہ پولنگ کے پرامن انعقاد کے لیے پانچ ہزا ر سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ شیخ رشید نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں مسلم لیگ(ن) پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام بھی لگایا لیکن اُن کے الزامات کو رد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آزاد میڈیا کی موجودگی میں دھاندلی ممکن نہیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی امیدوار کی جانب سے دھاندلی کے ثبوت پیش کیے جاتے ہیں تو الیکشن کمیشن اس پر بلا تفریق کارروائی کرے گا۔
پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا تاہم چند ایک مقامات پر مخالفین کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات دیکھنے میں آئے۔
مسلم لیگ(ق) نے شیخ رشید کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت کے تحت اس حلقے میں اپنا اُمیدوار میدان میں نہ لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کی حمایت کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی کے درمیان مختلف معاملات پر حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کے بعد سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کیا حکمران جماعت کے کارکن شکیل اعوان کو ووٹ دیں یہ اب بھی یہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ۔
رواں ماہ کے اوائل میں شیخ رشید پر ایک مبینہ قاتلانہ حملے میں تین افراد ہلاک جب کے بھگدڑ مچنے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد بعض مبصرین کا خیال ہے کہ شیخ رشید کے لیے مقامی لوگوں کی ہمددری میں اضافہ ہوا ہے۔راولپنڈی کے اس حلقے میں اہل ووٹروں کی تعداد تین لاکھ سے زائدہے۔
خیال رہے کہ این اے 55میں 1985ء سے 2002ء تک شیخ رشید کامیاب ہوتے رہے ہیں تاہم 2008 ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار سے شکست کھا گئے تھے ۔ مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار حاجی پرویز کے استعفے کے بعد اس حلقے میں ضمنی انتخاب کرائے جارہے ہیں۔