یومِ انقلاب: راؤل اور فیڈل کاسترو تقریبات سے غائب

کیوبا کے نائب صدر ہوزے رمون مشاڈو وینچورا، یومِ انقلاب کے موقعہ پر خصوصی خطاب کے دوران

یومِ انقلاب کے موقع پر کیوبا کے کئی شہروں میں تقریبات منعقد کی گئی ہیں مگر ان میں نہ تو صدر راؤل کاسترو نے کوئی تقریر کی اورنہ ہی اُن کے بھائی سابق صدر فیڈل کاسترو نظر آئے۔

سانتا کلارا میں ملک پر حملے کی 57ویں برسی کے موقعے پر جسے کمیونسٹ انقلاب کی ابتدا کا نام دیا جاتا ہے، پیر کو ایک تقریب ہوئی جس سے نائب صدر ہوزے رمون مشاڈو وینچورا نے خصوصی خطاب کیا۔ اِس موقعے پر وینزویلا کے صدر ہیوگو شاویز کی شرکت متوقع تھی لیکن وینزویلا اور کولمبیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی بنا پر اُنھوں نے اپنا دورہ منسوخ کردیا۔

کیوبا میں جشن کی یہ تقریب ایرنسٹو چے گویرا کے یادگار کے باہر منعقد ہوئی۔ چے گویرا، ارجنٹائن کے باشندے تھے جنھوں نے مسلح جدوجہد کی مدد کی جس کے باعث 1959ء میں فیڈل کاسترو اقتدار میں آئے۔
2006ء میں بیماری کی بنا پر اور اپنے بھائی راؤل کو اقتدار حوالے کرنے کے بعد حالیہ دِنوں میں ایک دفعہ سابق صدر عام لوگوں کے درمیان دیکھے گئے ہیں۔

یومِ انقلاب 26جولائی 1953ء کی یاد میں ہے جب فیڈل کاسترو کی قیادت میں نوجوان باغیوں نے مشرقی شہر سنتیاگو کی مونکاڈا فوجی بیرکس پر حملہ کیا تھا۔ حملہ ناکام ہوگیا تھا، لیکن کیوبا اِسے انقلاب کی ابتدا قرار دیتا ہے ، جو1959ء کے نئے سال کے دِن کے موقعے پر آمر، بَتستا کو اقتدار سے ہٹائے جانے پر منتج ہوا۔