مصر میں دریائے نیل میں کشتی ڈوبنے سے دو بچیوں سمیت ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چار پاکستانی شہری ڈوب کر ہلاک ہو گئے جب کہ چھ کو بچا لیا گیا۔
یہ واقعہ منگل کو قاہرہ میں پیش آیا جب کشتی ایک پل کے ستون سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ایک بیان میں کہا کہ فیصل آفاق خان اُن کی اہلیہ ثنا عروج اور دو بیٹیاں پانچ سالہ رمشا اور دو سالہ آمنہ اس حادثے میں ڈوب گئیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ صرف فیصل خان کی لاش ملی ہے جب کہ دیگر تین کی تلاش جاری ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کشتی میں سوار دیگر چھ پاکستانیوں کو بچا لیا گیا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق تفتیش کے لیے کشتی کے مالک کو مقامی انتظامیہ نے تحویل میں لے لیا ہے۔
نفیس ذکریا کہنا تھا کہ جیسے ہی اس حادثے کی اطلاع ملی مصر میں پاکستان سفیر مسلسل وہاں کی حکومت سے رابطے ہیں۔