راجر فیڈرر کو شکست، آسٹریلین اوپن سے باہر

راجر فیڈرر شکست کے بعد کورٹ سے باہر جا رہے ہیں

یونان کے 20 سالہ ورلڈ نمبر 14 نوجوان کھلاڑی سٹیفنو سیٹسی پاس نے دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر کو آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے مردوں کے سنگلز کے چوتھے راؤنڈ میں شکست دے کر شائقین کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔ سٹیفنو یہ میچ 6-7, 7-6, 7-5, 7-6 سے جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

راجر فیڈرر گزشتہ دونوں آسٹریلین اوپن ٹونمنٹس کے چیمئن رہ چکے ہیں اور وہ اس مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہے۔

سٹیفنو یونان کے پہلے ٹینس کھلاڑی ہیں جو آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 20 مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے راجر فیڈرر سٹیفنو کے 12 بریک پوائنٹس میں سے ایک بھی توڑنے میں کامیاب نہیں ہو پائے۔ یہ میچ تین گھنٹے 45 منٹ تک جاری رہا۔

راجر فیڈرر فاتح کھلاڑی سٹیفنو کو مبارک دے رہے ہیں

فیڈرر کے خلاف میچ جیتنے کے بعد سٹیفنو نے کہا کہ وہ اس وقت دنیا کے خوش قسمت ترین کھلاڑی ہیں اور وہ اس جیت سے بے حد خوش ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جیت کیلئے جارحانہ حکمت عملی نہایت اہمیت رکھتی ہے اور کھلاڑی کو حوصلہ نہیں ہارنا چاہئیے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُنہوں نے اپنے کریئر میں کبھی شائقین کی اتنی بڑی تعداد نہیں دیکھی جو راجر فیڈرر کے ساتھ اُن کا میچ دیکھنے کیلئے کورٹ میں موجود تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ آسٹریلین اوپن چیمپین شپ میں اس کورٹ پر کھیلنا میرا خواب تھا جو آج پورا ہو گیا ہے۔

کوارٹر فائنل میں سٹیفنو کا مقابلہ سپین سے تعلق رکھنے والے ورلڈ نمبر 22 کھلاڑی روبرٹو بوٹسٹا سے ہو گا جو پہلے ہی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا چکے ہیں۔