برطانیہ : ننھے شاہی مہمان کی ولادت کی خبر کا انتظار

لنڈو ونگ ہسپتال کو شہزادی کی ڈیو ڈیٹ 19 جولائی بتائی گئی تھی جو گزر چکی ہے
برطانیہ میں اس وقت رائل بے بی مینیا زوروں پر ہے ،انتظار ہے تو بس اس خوشخبری کا جس کا جشن منانے کی ساری تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

ننھے شاہی مہمان کی ولادت کی خبر سننے کے منتظر لوگوں کا اشتیاق بڑھتا جارہا ہے ہر آنے والے دن کو شہزادہ ولیم اورشہزادی کیتھرین میڈیلٹن کے بچے کی پیدائش کی تاریخ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسپتال جہاں رائل بے بی کی ولادت متوقع ہے، اس کے باہر موجود میڈیا کے کیمرے کی آنکھ اس بریکنگ نیوز کو حاصل کرنے کے لیے ہر لمحہ جاگ رہی ہے اور ماحول کو مزید پر تجسس بنا رہی ہے۔
اُدھر ایک برطانوی روزنامہ 'ڈیلی اسٹار' نے شاہی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ، 'لنڈو ونگ ہسپتال کو شہزادی کی ڈیو ڈیٹ 19 جولائی بتائی گئی تھی جوگزر چکی ہے لیکن ڈاکٹرز نارمل ڈلیوری کے لیے مزید دو ہفتے انتطار کرنا چاہتے ہیں، یعنی رائل بے بی کی ولادت کے لیے 2 اگست تک کا انتطار کیا جا سکتا ہے۔


ذرائع کے مطابق اسپتال کی کچھ اسٹاف نرسوں کو بتایا گیا تھا کہ، شہزادی کی ڈیو ڈیٹ 19 جولائی ہے لہذا اس تاریخ سے ایک ماہ پہلے انھیں کوئی چھٹی نہیں کرنی ہو گی جبکہ شہزادی کیٹ کی والدہ کارل نے اپنی سہیلی سے اشارتا کہا کہ، ان کا نواسہ یا نواسی کا تعلق برج اسد سے ہو گا اس برج سے تعلق رکھنے والوں کی تاریخ پیدائش 23 جولائی سے 22 اگست کے درمیان ہوتی ہے۔
اس خبر نے 'سینٹ میری لنڈو ونگ' ہسپتال کے باہر موجود دنیا بھر کے میڈیا کے ہوش اڑا دئیے ہیں جو جولائی کے آغاز سے ہی اس نیوز کو بریک کرنے میں سبقت لے جانے کی خواہش میں ہسپتال کے سامنے ڈیرا ڈالے بیٹھے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ، لنڈو ونگ ہسپتال اگرچہ شہزادی کی اولین پسند ہے لیکن ممکن ہے کہ ، 'ریڈنگ ' میں واقع ' بارک شائر ہسپتال ' کو دوسری ترجیح کے طور پر استعمال کیا جائے ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ،مرکزی لندن میں واقع لننڈو ونگ ہسپتال کا علاقہ اس وقت ایک تفریح گاہ کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں تقریبا ایک ماہ پہلے سے موجود درجنوں صحافی، نامہ نگار، فوٹو گرافر اور براڈ کاسٹر خود ایک خبر بن کر رہ گئے ہیں جنھیں دیکھنے اور ان کی تصویریں لینے کے لیے آنے والے لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے ۔
برطانیہ میں' بکیز' کا بزنس بھی ان دنوں زوروں پر ہے جو شہزادی کیٹ اور ولیم کے بچے کی پیدائش کی تاریخ پر لگائی جانے والی شرطوں پر ہزاروں پاؤنڈ بنا رہے ہیں۔


شہزادی کیٹ کی ڈیو ڈیٹ پر لگائی جانے والی تمام قیاس آرائیاں اب تک غلط ثابت ہوئی ہیں، کچھ بکیز کا کہنا ہے کہ لوگوں نے 13جولائی اور 19جولائی کی تاریخ پر سب سے زیادہ شرطیں لگائیں تھیں جو وہ ہار چکے ہیں تاہم اب تک رائل بے بی کے لڑکا یا لڑکی ہونے پر ، بچہ کے بالوں کے رنگ پر ، اور اس کی آنکھوں کے رنگ پر شرطیں لگائی جارہی ہیں ۔
ایک برطانوی ٹیلی کمیونیکیشن سروس' بی ٹی ' کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ، رائل بے بی ولادت پر مرکزی لندن میں ' بی ٹی 'کے 600 فٹ بلند ٹاور پر نصب 'ایل ای ڈی اسکرین ' پر بچے کی ولادت کی اطلاع دی جائے گی ۔ بی ٹی کا لینڈ مارک ٹاور اب تک خاص خاص موقعوں پر ہی روشن کیا جاتا ہے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کے ساتھ بی بی ٹی ٹاور بھی اس خوشی کی خبر کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے ۔
شاہی ذرائع کا کہنا ہے کہ، شہزادی کیٹ ان دنوں شہزادہ ولیم کے ہمراہ 'کنگسٹن پیلس' میں ہیں جہاں شہزادہ ولیم اپنی سالانہ چھٹیاں منا رہے ہیں جو ایک ایمرجنسی سروس میں پائلٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے ہیں جبکہ، ان کی ' 'پیٹرنٹی 'دو ہفتے کی چھٹیوں کا آغازبچے کی ولادت کے بعد ہو گا ۔