روس نے یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپول پر مکمل قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ روسی افواج نے کئی روز سے شہر کا محاصرہ کر رکھا تھا۔
روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ماریوپول میں یوکرینی افواج کے آخری دستے نے بھی ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
روسی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ دفاع نے ماریوپول کا کنٹرول سنبھالنے سے متعلق صدر پوٹن کو آگاہ کر دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کے اسٹیل پلانٹ اور باقی حصے کو مکمل طور پر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
البتہ یوکرین نے روس کی جانب سے کیے گئے دعووں کی تصدیق نہیں کی۔
روسی افواج نے پچھلے تین ماہ سے ماریوپول کا محاصرہ کر رکھا تھا اور شہرپر شدید بمباری کی جارہی تھی۔ شہر ملبے کا ڈھیر بن گیا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 20 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
حالیہ چند روز سے یوکرین کے فوجی دستے شہرکے اسٹیل ورکس پلانٹ سے روسی فوجوں کا مقابلہ کر رہے تھے۔ اس ہفتے کے اوائل میں یوکرین کے حکام نے فوجی دستوں کو ہدایت کی تھی کہ زندگی بچانے کے لیے مزید مزاحمت نہ کریں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یوکرین کے کتنے فوجیوں نے ہتھیار ڈالے ہیں۔
مشرقی یوکرین میں روسی حملے
دوسری طرف روس نے مشرقی یوکرین میں اپنی جنگ کو تیز کر دیا ہے اور روسی فوج آگے بڑھ رہی ہے۔ ڈونیسک اور لوہانسک پر گولہ باری اور بمباری شدت اختیار کر گئی ہے۔ یوکرین کے سول اور فوجی حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے تباہ ہو گئے ہیں اور ہزاروں شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ لوہانسک اور ڈونیسک شہروں سمیت ڈونباس کا علاقہ جہنم بن چکا ہے اور روسی فوجوں نے علاقے کو تباہ کر ڈالا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
لوہانسک علاقے کے گورنر نے جمعہ کو ایک ٹیلی گرام دیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ روس نے شہر کے ایک اسکول پر حملہ کیا، جہاں بچّوں سمیت دو سو سے زیادہ افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔
روسی وزیر دفاع نے بھی جمعہ کو کہا کہ "لوہانسک پیپلز ری پبلک کی آزادی مکمل ہونے کے قریب ہے۔ امریکی محکمۂ دفاع کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ ڈونباس میں روس کی پیش قدمی سست روی سے دوچار ہے۔
جی سیون ممالک کا یوکرین کو 19 ارب ڈالرز سے زائد دینے کا وعدہ
ادھر جی سیون ممالک نے یوکرین کو مزید 19.8 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ رقم یوکرین میں انسانی ہمدردی کی مد میں دی جا رہی ہے۔ جمعرات کو امریکی سینیٹ نے بھی یوکرین کی مدد کے لیے 40 ارب دالرز کے پیکیج کی منظور ی دی ہے۔
دوسری طرف روس نے کہا ہے کہ وہ ہفتے کے روز سے فن لینڈ کو گیس کی ترسیل بند کررہا ہے۔ روس نے یہ فیصلہ فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے فیصلے کے رد عمل میں کیا۔ روس نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنی مغربی سرحدوں کو اور زیادہ مضبوط بنا رہا ہے، تاکہ بدلتی ہوئی صورت حال کا مقابلہ کیا جا سکے۔
اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'رائٹرز' اور 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔