روسی صدر دمتری مدویدیف نے ایک مسودہٴ قانون پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت علاقائی گورنروں کے براہ راست انتخاب کے طریقہ کار کو بحال کردیا گیا ہے، جو اُن سیاسی اصلاحات کا حصہ ہے جِن کا وعدہ دسمبر کے متنازعہ پارلیمانی انتخابات کے بعد شروع ہونے والے عوامی احتجاجی مظاہروں کےدوران کیا گیا تھا۔
بدھ کو جس قانون پر دستخط کیےگئے اُس کی رو سے روسی شہریوں کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنی مرضی سےاپنے علاقائی گورنروں کومنتخب کر سکیں گے۔ اس روایت کو ولادیمیر پیوٹن کی صدرت کے عہد کے دوران 2004ء میں موقوف کیا گیا تھا۔
کچھ عرصے سے، کریملن ایسے نئے گورنروں کو نامزد کرتا رہا ہے جن کی فہرست حکمراں پارٹی فراہم کرتی ہے۔
نئے قانون میں صدارتی انتخابات کے علاوہ باقی تمام الیکشنوں میں امیدوار نامزد کرنے سے قبل سیاسی جماعتوں کے لیے دستخط شدہ درخواستیں جمع کرانے کی پیشگی شرط کو خارج کیا گیا ہے۔ صدارتی انتخابات میں اپنا امیدوار نامزد کرنے کے لیے اب بھی سیاستی جماعتوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مجاز حکام کو باقاعدہ دستخط شدہ استدعاکریں۔